|

وقتِ اشاعت :   September 6 – 2023

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی کی سربراہی میں سوشل میڈیا کی فعالیت کے حوالے سے اجلاس ملک ہاؤس میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر رحمت صالح بلوچ، مرکزی انفارمیشن سیکرٹری اسلم بلوچ، رکن مرکزی کمیٹی جسٹس ریٹائرڈ شکیل بلوچ، رکن مرکزی کمیٹی و ضلع صدر کوئٹہ حاجی عطا محمد بنگلزئی، صوبائی انفارمیشن سیکرٹری علی احمد لانگو، صوبائی سوشل میڈیا سیکرٹری سعد بلوچ، ضلعی جنرل سیکرٹری ریاض زہری، فہد ملک سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں پارٹی سوشل میڈیا کے تمام نیٹ ورکس و ٹولز کو پارٹی کے لیے بروئے کار لانے سمیت مجموعی فعالیت کے متعلق گفت وشنید ہوا۔ اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا ہے کہ پارٹی کی سوشل میڈیا ٹیم کی کارکردگی بہتر و مثبت ہے۔

لیکن وقت و حالات مزید تقاضے کرتے ہیں۔

اجلاس کو سمیٹتے ہوئے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی نے کہا کہ منظم و متحرک سوشل میڈیا ٹیم ہی پارٹی پروگرام و پالیسیوں کو بروقت و تیزی سے عوام سمیت دیگر متعلقہ ٹارگٹس تک پہنچاتی ہے۔ اس لیے نیشنل پارٹی کو اب باقاعدہ و جدید انداز سے سوشل میڈیا کو استعمال کرنا ہوگا۔

تاکہ عوام کے مجموعی مسائل و مشکلات کی نہ صرف بلکہ زمہ دار عناصر کی بھی نشاہدہی ہو اور عوام گزشتہ عرصوں کی غلط پالیسیوں و بلند بانگ نعروں سے آگاہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ اندرون بلوچستان اب بھی انٹرنیٹ کی سہولیات سے محروم ہے اور اس جدید دور میں بھی بلوچستان کے نوجوانوں کو انٹرنیٹ کی فراہمی میسر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ٹیم مذید جدت کو بروئے کار لائے اور ٹیکنالوجی کے استعمال کو نہ صرف نیشنل پارٹی کے لیئے فائدہ مند بنائے بلکہ نوجوان نسل کو بھی ایجوکیٹ کرے۔اجلاس میں سوشل میڈیا کانفرنس منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔