|

وقتِ اشاعت :   September 6 – 2023

کوئٹہ: کیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالکریم جمالی نے کہا کہ بلوچستان میں 70فیصد بجلی زمیندار استعمال کررہے ہیں۔

مگر وہ بجلی کے دو فیصد بل بھی ادا نہیں کررہے ہیں ، صوبے میں بجلی کے صارفین پر واجبات 550ارب سے تجاوز کرگئے ہیں ،بلوچستان حکومت بھی ستر ارب روپے کی مقروض ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔عبدالکریم جمالی نے کہاکہ صوبے کے 730فیڈرز میں چار سو فیڈرز زرعی علاقوں میں ہیں ،ماہ جولائی میں زمینداروں کو نو ارب کے بل بھجوائے گئے۔

لیکن نو کروڑ کی وصولی ہوئی ، زمیندار کیسکو کو اپنے ٹیوب ویلز پر میٹر بھی لگانے نہیں دے رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان کو اسکی ضرورت کے مطابق بجلی مل رہی ہے ۔

لیکن جن علاقون میں ریکوری کم ہے وہاں زیادہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

،سو فیصد بل ادا کرنے والے 104فیڈرز کو 24 گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے ،سی ای او کیسکو نے بتایا کہ صوبے میں بجلی کے لائن لاسز 26فیصد ہیں جو چودہ فیصد سے زیادہ نہیں ہونے چاہیں جبکہ 50فیصد اسٹاف کی کمی کی وجہ سے بجلی کی چوری پر قابو پانا مشکل ہورہا ہے ، پشین اور لورالائی سرکلز میں بجلی کی چوری سب سے زیادہ ہے ، صوبے میں نو ہزار زرعی ٹیوب غیر قانونی چل رہے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں سی ای او کیسکو نے بتایا کہ بلوچستان حکومت کیسکو کو لے لے تو اچھا ہے صوبے میں دو ہزار میگاواٹ بجلی سولر اور ونڈ سے بنائی جاسکتی ہے۔