|

وقتِ اشاعت :   September 6 – 2023

کوئٹہ : بیچلر ٹیچرز ہاسٹل جامعہ بلوچستان کوئٹہ میں عارضی طور پر رہائشی اساتذہ کرام اور آفیسران کا ایک اہم اجلاس زیرصدارت پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ منعقد ہوا۔

جس میں کثیر تعداد میں اساتذہ کرام نے شرکت کی، اجلاس میں اس امر پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا گیا کہ جامعہ بلوچستان کی انتظامیہ نے بیچلر ٹیچرز ہاسٹل میں عارضی طور پر رہائش پذیر اساتذہ کرام اور آفیسران سے ایک کمرے کا ماہانہ کرایہ 1400 روپے سے بڑھا ایک دم 15000 روپے اور سوٹ کا ماہانہ کرایہ 2800 روپے سے 20000 کر دیا ہے جو اس مہنگائی کے دور میں انتہائی زیادہ اور غیر مناسب ہے، اجلاس میں حیرانیت کا اظہار کیا گیا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے تحریری معاہدے کے باوجود جامعہ بلوچستان کے سنڈیکیٹ کے اجلاس میں معاہدے کے برعکس فیصلہ کیا گیا۔

جو وعدہ خلافی اور دھوکہ دہی کے زمرے میں آتا ہے اور اخلاقی طور پر انتہائی پست عمل ہے، اجلاس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پرو وائس چانسلر، رجسٹرار، ٹریڑار اور ڈین لینگویجز سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنے وعدے کی پاسداری کرتے ہوئے ماہانہ کرایہ معاہدے کے مطابق 2899 اور 5600 روپے مختص کریں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بیچلر ٹیچرز ہاسٹل میں عارضی طور پر رہائش پذیر تمام اساتذہ کرام اور آفیسران بروز جمعہ 8 ستمبر کو وائس چانسلر، پرو وائس چانسلر، رجسٹرار، ٹریڑار سے ملاقات کرینگے اور انکو اپنے خدشات سے  آگاہ کریں گے