|

وقتِ اشاعت :   September 7 – 2023

کوئٹہ: نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی سے سینٹ آف پاکستان کی ایجوکیشن پارلیمنٹیری کاکس کے وفد نے سنیٹر ثناء جمالی کی قیادت میں آج یہاں ملاقات کی اس موقع پر وفد کی جانب سے وزیراعلیٰ کو کاکس کے قیام کے اغراض و مقاصد سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایاگیا کہ اس فورم کا مقصد ایسے وسائل و ذرائع پیدا کرنا ہے ۔

جن سے ہر بچہ سکول تک پہنچ سکے انہوں نے بتایا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں سکول تک نہ پہنچنے والے بچوں کی تعداد لاکھوں میں ہے اس حوالے سے کل8ستمبر کو عالمی یوم خواندگی کی مناسبت سے کاکس کے زیر اہتمام کوئٹہ میں سیمینار کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

جس میں بلوچستان ڈکلریشن کا اعلان کیا جائے گا وزیراعلیٰ نے کاکس کے اغراض و مقاصد کو سراہتے ہوئے کہا کہ سماجی و معاشی مسائل کے باعث بلوچستان میں بڑی تعداد میں بچے سکول پہنچنے سے محروم رہتے ہیں ۔

جس کے باعث ہماری شرح خواندگی بھی دیگر صوبوں کی نسبت بہت کم ہے انہوں نے کہا کہ بچوں کے ساتھ ساتھ بچیوں کی بھی سکول کی تعلیم بیحد اہم ہے انہوں نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ تعلیم دوست اقدامات کے ذریعے شرح خواندگی میں اضافہ کیا جائے اور بلوچستان کے معروضی حالات کے مطابق بچوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے قابل عمل پروگرام مرتب کئے جائیں