|

وقتِ اشاعت :   September 7 – 2023

کوئٹہ: کلکٹر کسٹم انفورسمنٹ عرفان الرحمن نے یقین دلایا ہے کہ آئندہ محکمہ کسٹمز کی جانب سے کوئٹہ شہر کے حدود میں کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جائے گی۔

،فائرنگ سے جاں بحق نوجوان کی اہل خانہ کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی ودیگر عہدیداران سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ملاقات کے دوران چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی و دیگر نے کلکٹر کسٹمز عرفان الرحمن کو کوئٹہ کے حدود میں مال بردار گاڑیوں کے خلاف کسٹمز حکام کی جانب سے کارروائیوں اور فائرنگ سے نوجوان ڈرائیور کی ہلاکت سے متعلق خدشات و تحفظات کا اظہار کیا ۔

اور کہا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے حدود میں گوداموں سے تجارتی مراکز و دیگر تک سامان تجارت لیجانے والی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ نے تجارت سے وابستہ افراد کو اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے بلکہ اس کے کاروبار پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ڈرائیور کو انصاف دلانے کا بھی مطالبہ کیا اور امید ظاہر کی کہ اس بابت کلکٹر کسٹمز اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر کلکٹر کسٹمز عرفان الرحمن نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ قانونی تجارت کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہ ہو ۔

کیونکہ موجودہ حالات میں قانونی تجارت کا فروغ ملک اور صوبے کی معاشی ترقی کیلئے از حد ضروری ہے انہوں نے یقین دلایا کہ آئندہ کوئٹہ شہر کے حدود میں محکمہ کسٹمز مال بردار گاڑیوں کے خلاف کارروائی نہیں کرے گی ۔

انہوں نے فائرنگ سے جاں بحق ڈرائیور کی ہلاکت پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سلسلے میں اقدامات کئے جا رہے ہیں اور انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ کے ملک اور صوبے کی معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں بلکہ اس سے قانونی تجارت کی بھی حوصلہ شکنی ہوتی ہے اس لئے تجارت سے وابستہ افراد اسمگلنگ کے خاتمہ کیلئے ہمارا ساتھ دیں۔