|

وقتِ اشاعت :   September 7 – 2023

کوئٹہ: نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے عالمی یوم خواندگی کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں تعلیم کی اہمیت اور افادیت پر زور دیتے ہوئے قوموں کی تعمیر و ترقی میں علم کے حصول کو ہی کامیابی کا واحد زینہ قرار دیا ہے انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر اس دن کو منانے کا مقصد دنیا کو علم کی روشنی سے روشناس کرانا ہے اور ایک ایسا ماحول فراہم کرنا ہے۔

جس میں تعلیم اور تربیت سمیت علم کا حصول ممکن ہو سکے نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے ملک میں غربت اور دیگر ناگزیر وجوہات کے باعث ہر سال لاکھوں بچے تعلیم سے محروم رہ جاتے ہیں اور بہت سارے بچے پرائمری اور مڈل کی سطح سے آگے نہیں بڑھ پاتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں رسمی تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر رسمی تعلیم کی جانب بھی توجہ مرکوز رکھنی ہوگی اور نان فارمل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا کردار بھی اس حوالے سے اہم ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گزشتہ دو دہائیوں سے عوام میں تعلیمی شعور کے باعث خواندگی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے ۔

لیکن ہمیں اسے مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ہماری بنیادی کوشش یہ ہونی چاہئے کہ اسکولوں سے ڈراپ آؤٹ کی شرح کو کم کیا جائے اور بچوں کو تعلیم کے حصول کے لیے مناسب ماحول فراہم کیا جائے انہوں نے کہا کہ اس دن کا مقصد یہی ہے کہ شعور اور آگاہی کو فروغ دیتے ہوئے علم کے حصول کے لیے ہر سطح پر اقدامات کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے کوششوں کو مزید تیز کیا جائے۔

نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق اس وقت ملک میں دو سے ڈھائی کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں جن کے لیے ہنگامی بنیادوں اقدامات کرتے ہوئے انہیں علم کی روشنی سے بہرہ ور کرنا ہے انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ یہ دن پاکستان میں بھی شرح خواندگی میں اضافے کا باعث بنتے ہوئے تعلیم کی اہمیت اور افادیت کو ہر سطح پر اجاگر کرنے میں اہم ثابت ہوگا۔