|

وقتِ اشاعت :   September 7 – 2023

کوئٹہ : گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان میں بدلتے ہوئے حالات اور بڑھتی ہوئی انسانی ضروریات کے مطابق صوبے بھر میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ایک چیلنج ہے.

صوبے کے دور افتادہ علاقوں میں بہت زیادہ پسماندگی ہے.عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے تمام پالیسیوں اور منصوبوں کا محور و مرکز مفاد خلق کو بنانا ہوگا. اس ضمن میں انٹرنیشنل اداروں کی مدد اور رہنمائی سے ہی ہمارے مسقبل کے اہداف کامیابی سے ہمکنار ہو سکتے ہیں.

یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں سینٹر ثنا جمالی کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی. اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ پورے خطے کا تیزی سے بدلتا ہوا سیاسی و معاشی حالات ہم سے بحیثیت قوم دانشمندانہ فیصلے لینے کے متقاضی ہیں. عوام دوست پالیسیوں اور منصوبوں سے ہم بآسانی اپنے ملک و قوم کو سیاسی و معاشی بحرانوں سے نکال سکتے ہیں.

اس سلسلے میں ہمیں موجودہ پیچیدہ صورتحال میں سنجیدہ اور دلیرانہ فیصلے کرنے ہوں گے. وقت آپہنچا ہے کہ ہم چھوٹے چھوٹے حقیر ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر قومی سوچ واپروچ کو اختیار کریں اور ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر سب کو ساتھ لے جانے کی پالیسی اختیار کریں اسطرح بلوچستان کے عوام بھی ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے قابل ہو جائیں گے۔