|

وقتِ اشاعت :   September 8 – 2023

کوئٹہ: نگران صوبائی وزیر پی ایچ ای و بہبود آبادی سردار اعجاز احمد خان جعفر کی صدارت میں سبی ڈویژن اور نصیر اباد ڈویژن کے منصوبوں سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈیولپمنٹ عبدالقدیر ،ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن ندیم احمد ،چیف انجینئر پلاننگ و ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پی ایچ ای آغا عمران شاہ سبی اور نصیر اباد ڈویژن کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر اور ایکسین صاحبان نے شرکت کی۔

اجلاس میں سبی اور نصیر آباد میں جاری اور نئے منصوبوں ،فلٹریشن پلانٹس اور سیلاب سے جو منصوبے متاثر ہوئے تھے ان کے حوالے سے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ آج اگر پاکستان قائم ہے تو وہ چند ایماندار اور نیک لوگوں کی وجہ سے ہے ۔

اگر اپ سب بھی اپنے اپ کو اس میں شامل کر لیں تو نہ صرف اپ کا محکمہ ، علاقہ بلکہ صوبہ دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے گا انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اندر یہ احساس پیدا کرنا ہوگا کہ سرکاری املاک کو اپنا سمجھ کر استعمال کریں تو قومی خزانے کو کافی حد تک ضیاع ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسران جب تک اپنی عزت کا خیال خود نہیں رکھیں گے تب تک دوسرا ان کی عزت نہیں کرے گا انہوں نے تمام ایکسین صاحبان کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جو منصوبے سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں اور ان کے پی سی ون محکمہ پی اینڈ ڈی میں ہیں ان کی تفصیل دی جائے تاکہ فنڈز کے حصول کے لیے جدوجہد کی جا سکے اور عوام کو پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ میرا بنیادی مقصد مختصر مدت میں جتنی بہتری کی طرف لے جا سکتے ہیں لے جائیں اس ضمن میں محکمہ کی جانب سے مثبت تجاویز کی ہر جگہ پذیرائی کی جائے گی قبل ازیں چیف انجینئر پی اینڈ ڈی محکمہ پی ایچ ای اغا عمران شاہ نے صوبائی وزیر کو فنڈز کی عدم فراہمی افسران کو گاڑیوں کی فراہمی سمیت مختلف درپیش مسائل سے متعلق تفصیلا اگاہ کیا۔