|

وقتِ اشاعت :   September 11 – 2023

سری لنکا کے شہر کولمبو میں ایک بار پھر موسلادھار بارش شروع ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے آج ہونے والا پاک، بھارت میچ ایک بار پھر روک دیا، جس کے سبب میچ بے نتیجہ ختم ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ 2023 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان گزشتہ روز کھیلے جانے والا اہم میچ بارش کے باعث آج تک کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔

آج ریزرو ڈے پر بقیہ میچ وہیں سے کھیلا جائے گا جہاں کل روکا گیا تھا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

 مقامی وقت کے مطابق دوپہر 3 بجے (پاکستانی وقت ڈھائی بجے) سے رات 11 بجے تک مسلسل گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات 80 سے 90 فیصد ہیں۔

کولمبو میں آج صبح سویرے موسلا دھار بارش بھی ہوئی تھی تاہم صبح دس بجے کے بعد سے کالے بادل چھائے ہوئے تھے اور تیز ہوائیں چل رہی تھیں، لیکن اس وقت ایک بار پھر موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔

بارش کے باعث آر پریماداسا اسٹیڈیم کو کوور کردیا گیا ہے۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان سپر 4 کا میچ ریزرو ڈے پر واش آؤٹ ہوتا ہے تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل جائے گا۔

دوسری جانب کرکٹ لیجنڈ اور سابق کھلاڑی اور کمنٹیٹر وسیم اکرم نے آج صبح سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کولمبو کی موسم کی صورتحال کے حوالے سے ویڈیو پیغام جاری کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ گزشتہ رات کولمبو میں مسلسل بارش ہوتی رہی اور ابھی آسمان پر بادل چھائے ہوئے ہیں، ابھی موسم کی صورتحال ٹھیک لگ رہی ہے لیکن 2 بجے جب میچ شروع ہوگا تب دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔

وسیم اکرم نے کہا تھا کہ ’میں جانتا ہوں کہ یہ مایوس کن ہے لیکن موسم کو ہم کنٹرول نہیں کرسکتے، ہم صرف دعا کرسکتے ہیں اور امید کرتا ہوں کہ موسم بہتر ہوجائے اور اچھی کرکٹ انجوائے کریں۔‘

اتوار کو بارش کے باعث میچ روکے جانے سے قبل بھارت نے 24.1 اوورز کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے تھے۔

سری لنکا کے شہر کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں جاری اہم میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

اس سے قبل 2 ستمبر کو دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا تھا اور بھارتی ٹیم کی بیٹنگ مکمل ہونے کے بعد پاکستان کی ٹیم بارش کے سبب بیٹنگ کے لیے میدان میں اتر بھی نہ سکی تھی جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں:

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا، افتخار احمد، محمد رضوان، فہیم اشرف، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف

بھارت: روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، ویرات کوہلی، ایشان کشن، کے ایل راہول، ایچ ایچ پانڈیا، آر اے جدیجا، ایس این ٹھاکر، کلدیپ یادیو، جے جے بمراہ اور محمد سراج