|

وقتِ اشاعت :   September 12 – 2023

کوئٹہ : گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کے بیروزگار نوجوانوں کو جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کورسز کروانے کا اعلان کر دیا، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں آئی ٹی انیشیٹیو پروگرام کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی پروگرام کو کامیاب بنانے میں نگران وزیراعلیٰ، صوبائی وزراء اور اعلیٰ سرکاری آفیسران کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان کو جدید مہارتیں سکھانے کے کراچی سے آئے ہوئے آئی ٹی پروفیشنل مزمل اطہر اور ان کی پوری ٹیم کی کوششیں خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں گورنر ہاوس کوئٹہ میں آئی ٹی انیشیٹیو پروگرام کی مناسبت سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی ، اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی، صوبائی وزراء ، وائس چانسلر صاحبان، اعلیٰ سرکاری آفیسران، سیاسی اکابرین ، صنعت و تجارت سے وابستہ افراد اور قبائلی عمائدین سمیت طلباء و طالبات کی ایک بڑی تعداد میں موجود تھی. اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہمارے آئی ٹی پروگرام سے بیک وقت مرد ہو یا عورت، زیادہ پڑھا لکھا ہو یا کم، شہری ہو یا دیہاتی سب استفادہ کر سکتے ہیں۔

لہٰذا ضروری ہے کہ صوبے کے تمام صنعتکاران، ماہرین تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین، میڈیا پرسنز اور سوشل میڈیا تعلق رکھنے والے افراد اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں ہماری بھرپور مدد اور رہنمائی کریں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان بہت باصلاحیت اور محنتی ہیں۔

ضروری مواقع اور سہولیات کی عدم موجودگی کے باعث وہ اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو بروئے کار نہیں لا سکتے. میں سمجھتا ہوں کہ آج کل تعلیم کے ساتھ کوئی جدید ہنر سیکھنا بہت ضروری ہے. ہم نے اپنے جوانوں کو ڈگری یافتہ کے ساتھ ساتھ مہارت یافتہ بنانے کا عزم کر رکھا ہیں گورنر بلوچستان نے کہا کہ آج آپ سب گواہ رہے کہ ہمارے آئی ٹی پروگرام کی مدد سے سرکاری ملازمتوں کی تلاش میں مارے مارے پھرنے والے نوجوان صرف چند مہینے کے بعد دوسروں کو روزگار دینے کے قابل بن جائیں گے ۔

ویسے بھی ہماری قومی تاریخ رہی ہے کہ ہم دوسروں کے رحم و کرم نہیں رہنا چاہتے. ہم حلال روزی کمانے اور اپنے بچوں کو حلال کھلانے کے قائل ہیں گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ میری خواہش تو یہ تھی کہ آج پولیٹکل اکانومی کے تناظر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پر اپنا نقطہ نظر پیش کرتا نئے ابھرتے ہوئے پروفیشنز کی وضاحت کرتا اور درپیش مشکلات سے نمٹنے میں فکری رہنمائی فراہم کرتا یہ سب کچھ ہمارے دوسرے مرحلے کا حصہ ہے آخر میں گورنر بلوچستان نے دعا کی کہ پروردگار ہمیں پاکستان اور بلوچستان کو ہنرمندوں کی سرزمین بنانے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔