اسلام آباد: نگران وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ سے نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے جمعہ کو یہاں وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات میں بلوچستان میں انسداد اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی کے خلاف جاری کارروائیوں سمیت امن و امان، جاری ترقیاتی منصوبوں اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
نگراں وزیر اعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں اور بلوچستان سے متعلق دیگر امور پر خصوصی توجہ دینے پر نگران وزیر اعظم کی سنجیدہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی خصوصی دلچسپی اور توجہ سے مواصلاتی شعبے سمیت مفاد عامہ کے امور میں آسانیاں پیدا ہوئی ہیں۔
اور وفاقی محکمے بلوچستان کے زیر التواء معاملات کو ترجیح بنیادوں پر پایا تکمیل کی جانب لے جاررہے ہیں صوبائی حکومت اپنے مینڈیٹ کے مطابق عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وفاق کے تعاون سے دیرپا عملی اقدامات پر پیش رفت کو یقینی بنا رہی ہے اور ہم پر امید ہیں کہ دستیاب وقت میں مفاد عامہ کے لئے اٹھائے جانے والے یہ اقدامات عوام کو مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوں گے ۔
اس موقع پر نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کے حل اور بلوچستان کو دیگر صوبوں کے مساوی ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لئے صوبائی حکومت سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور ان اشتراکی اقدامات کے نتیجے میں بلوچستان کے عوام کو ترقی کے ثمرات ضرور ملیں گے