|

وقتِ اشاعت :   September 15 – 2023

ٍکوئٹہ: جمعیت علماء اسلام جمعیت علماء اسلام کی اپیل پر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں جماعت کے مرکزی رہنماء پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ کے قافلے پر حملے کے خلاف شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی۔

اس دوران تمام مارکیٹیں، پلازے ، کاروباری مراکز ، بازار بند رہے تاہم بلوچستان کی تمام سیاسی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن) ،مرکزی انجمن تاجران رجسٹرڈ بلوچستان ، ا نجمن تاجران بلوچستان رجسٹرڈ ، عوامی نیشنل پارٹی ، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ، سمیت دیگر جماعتوں نے شٹر ڈائون ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ سے منگچر جلسے میں شرکت کے لئے جاتے ہوئے مستونگ کے علاقے چوتو کے مقام پر جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء اور پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ کے قافلے پر دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں حافظ حمد اللہ اور ایک خاتون سمیت 11 افراد زخمی ہوئے تھے۔

واقعہ کے خلاف جمعیت علماء اسلام کی جانب سے کوئٹہ میں شٹر ڈائون کی کال دی گئی تھی جمعہ کو کوئٹہ میں مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی تمام بازار ، لیاقت بازار، سورج گنج بازار ، مسجد روڈ، میگانگی روڈ، پرنس روڈ، فاطمہ جناح روڈ، سرکلر روڈ، پٹیل روڈ، جناح روڈ، قندھاری بازار سمیت تمام مارکیٹیں کاروباری مراکز بند رہے تمام تاجر تنظیموں ، سیاسی ، مذہبی جماعتوں کی جانب سے ہڑتال کی حمایت کی گئی تھی