|

وقتِ اشاعت :   September 15 – 2023

کوئٹہ :  بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس جناب جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس جناب جسٹس اقبال احمد کاسی پر مشتمل بنچ نے کوئٹہ شہر میں شاہراہوں کی توسیع اور تعمیر و دیگر سے متعلق دائر آئینی درخواست کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران درخواست گزار سید نذیر آغا ایڈووکیٹ،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل محمد علی رخشانی،پاکستان ریلوے کے رضوان علی سومرو،پروجیکٹ ڈائریکٹر و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران درخواست گزار نے بنچ کو بتایا کہ سبزل روڈ،انسکمب روڈ،سرکی روڈ اور سریاب روڈ پر تعمیراتی کام جاری ہے ۔

البتہ کام میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی آئے جس پر بنچ کے ججز نے شاہراہوں کی تعمیراتی کام کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اگر اس سلسلے میں کوئی مشکل ہیں تو ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان کے آفس سے اس بابت رجوع کیا جائے سماعت کے دوران حکام کی جانب سے شاہراہوں کی توسیع ومرمت اور تعمیر سے متعلق پیش رفت رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی اور بنچ کو بتایا گیا ۔

کہ کام کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔بعد ازاں آئینی درخواست کی سماعت 19 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔