|

وقتِ اشاعت :   September 15 – 2023

کوئٹہ: زمیندار ایکشن کمیٹی بلوچستان کا اجلاس چیئرمین ملک نصیر احمد شاہوانی کی زیر صدارت منعقد ہوا اجلاس میں جنرل سیکرٹری حاجی عبدالرحمن بازئی، حاجی عبد الجبار کاکڑ، سید عبدالقہار آغا، عبد اللہ جان میر زئی، عبدالمجید مشوانی ،حاجی حیات کھڈ کوچہ،حاجی افضل دشت، خالق داد،سید صدیق اللہ آغا، مبارک علی بادینی، ملک منظور، عبدالقدیر ،سید خورشید آغا سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں بلوچستان میں زمینداروں کو درپیش مشکلات بارے تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔ اجلاس کے بعد نمائندہ وفد نے ملک نصیر احمد شاہوانی کی قیادت میں گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ سے ملاقات کی۔ جہاں بجلی کی بلوں کی ادائیگی و دیگر بارے تفصیلی بحث ہوا۔

بعد ازاں ایکشن کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام اضلاع کے زمیندار اپنے ٹیوب ویلز کی ماہ جنوری سے ستمبر تک بلوں کو جمع کرائیں اور 100 فیصد یقینی بنائے کہ وہ رواں سال کے بلز کی ادائیگی یقینی بنائیں بصورت دیگر امسال کے بلوں کی عدم ادائیگی پر زمیندار ایکشن کمیٹی ان زمینداروں کی کوئی مدد نہیں کریگی۔

اجلاس میں کہا گیا کہ کیسکو چیف کے ساتھ پیر کے روز 12 بجے ملاقات ہوگی جس میں بلز کی ادائیگی و دیگر پر غور ہوگا جس کے بعد زمیندار ایکشن کمیٹی کا اجلاس ہوگا .

اور کیسکو کے ساتھ طے پانے والے معاملات پر زمینداروں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ ہفتے اور اتوار کو بلوچستان کے تمام اضلاع میں تمام فیڈرز کے زمیندار اپنا اپنا اجلاس بلائیں گے اور اس میں بل کی ادائیگی یقینی بنانے کیلئے معاملات طے کریں گے۔