|

وقتِ اشاعت :   September 18 – 2023

کوئٹہ: زمیندار ایکشن کمیٹی کا اہم اجلاس چیئرمین ملک نصیر احمد شاہوانی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں جنرل سیکرٹری حاجی عبدالرحمن بازئی، حاجی ولی محمد رئیسانی، حاجی عبد الجبار کاکڑ، سید عبدالقہار آغا، حاجی کاظم اچکزئی، حاجی شیر علی مشوانی، حاجی محمد افضل بدوزئی، حاجی روز الدین، میر احمد بنگلزئی، حاجی احمد نواز بنگلزئی، ٹکری پار الدین، حاجی محمد امین بدوزئی، حاجی دوست محمد، محمد اعظم، حاجی سیف اللہ بنگلزئی، احمد نواز رئیسانی، حاجی جان بادشاہ، خدائیداد، نذیر احمد بنگلزئی، حاجی محمد یعقوب بنگلزئی، لیاقت حبیب، ملک منظور احمد نوشیروانی، خالق داد ملکیار و دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں زرعی فیڈرز پر بجلی کی بندش پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں روزگار کے حوالے سے سب سے بڑا شعبہ زراعت تباہ حالی کا شکار ہیں جس میں ایک اہم وجہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہے کیونکہ عین سیزن کے وقت بجلی کی لوڈشیڈنگ شروع کردی جاتی ہے ۔

اجلاس میں کہاگیاکہ زمینداروں کا کیسکو حکام کے ساتھ معاہدے موجود ہیں اس کے علاوہ گزشتہ سال سیلاب کی تباہی اور زمینداروں کے نقصانات کومدنظررکھتے ہوئے اس وقت کے وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے بلوں کی معافی کااعلان کیاگیاتھا جبکہ رواں سال بجلی کی بلوں کی ادائیگی کیلئے نہ صرف زمیندار اپنا کردارادا کررہے ہیں۔

بلکہ زمیندار ایکشن کمیٹی کی جانب سے تمام اضلاع کے زمینداروں کے اجلاس طلب کرکے انہیں بلوں کی ادائیگی کیلئے زور دیاگیاہے ،انہوں نے کہاکہ زمیندار ایکشن کمیٹی زراعت کے شعبے کے بچائو کیلئے ہر حد تک جائیگی کیونکہ زراعت کے شعبے سے نہ صرف زمیندار بلکہ لاکھوں خاندانوں کا مستقبل وابستہ ہیں ۔اجلاس میں کمیٹی تشکیل دی گئی۔

جس میں ملک نصیر احمد شاہوانی، حاجی عبد الرحمان بازئی،سید عبدالقہار آغا، حاجی روز الدین، حاجی افضل بنگلزئی، حاجی کاظم اچکزئی، حاجی پار الدین اسپلنجی، ملک منظور نوشیروانی ودیگر پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ،کمیٹی کیسکو حکام سے ملاقات کرکے زمینداروں کو درپیش مسائل اور بلوں کی ادائیگی سے متعلق مذاکرات کریگی ۔