|

وقتِ اشاعت :   September 23 – 2023

کیلیفورنیا: ایپل نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ بغیر کوور آئی فون 15 اور آئی فون 15 پرو کو استعمال کرنا اس کے رنگ کو وقتی طور پر تبدیل کر سکتا ہے۔

جمعرات کے روز ٹیک کمپنی نے بتایا کہ صارفین کی جِلد سے خارج ہونے والا تیل آئی فون 15 اور آئی فون 15 پرو میکس کا رنگ وقتی طور پر تبدیل کر سکتا ہے۔

تاہم، کمپنی نے واضح کیا کہ فون کو رُواں نہ چھوڑنے والے کپڑے سے صاف کر کے اس کی اصل حالت میں واپس لایا جاسکتا ہے۔

اس ہی حوالے سے جمعے کے روز جاری ہونے والی ایک دستاویز میں ایپل کا کہنا تھا کہ جِلد سے نکلنے والا تیل وقتی طور پر فون کے بیرونی بینڈ کا رنگ بدل سکتا ہے۔ فون کو نرم، معمولی سے تر اور رواں نہ چھوڑنے والے کپڑے سے صاف کرنے سے فون کی اصل حالت بحال ہوجائے گی۔

کمپنی نے مزید بتایا کہ فون پر کوئی بھی ایسی چیز لگنے، جو اس پر دھبہ چھوڑ دے یا نقصان پہنچائے (جیسے کہ مٹی، سیاہی، میک اپ، صابن، ڈٹرجنٹ، تیزاب یا لوشن) پر فوری طور پر صاف کریں۔

اگرچہ کمپنی نے صاف کرنے والے کپڑے کے حوالے یہ نہیں بتایا کہ کونسا کپڑا استعمال کیا جائے لیکن ایپل کی خواہش ہوگی کہ اس کام کے لیے اس ہی کمپنی کا بنایا ہوا 19 ڈالر کا کپڑا استعمال کیا جائے۔