|

وقتِ اشاعت :   September 26 – 2023

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہےکہ اسلام اور معاشرے میں عدم برداشت اور انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ماڈریٹر اور صدر بشپس چرچ آف پاکستان ڈاکٹر آزاد مارشل کی سربراہی میں مسیحی برادری کے وفد نے ملاقات کی۔

جی ایچ کیو میں ہونے والی ملاقات میں آرمی چیف نے ملکی ترقی میں مسیحی برادری کی خدمات کو سراہا جب کہ اس موقع پر  مسیحی برادری نے انسداد دہشتگردی اور اقلیتوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے میں پاک فوج کی کاوشوں کی تعریف کی۔

مسیحی برادری کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ قائداعظم کا وژن تھا کہ ملک متحد ہو اور ترقی کرے۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ اسلام اور معاشرے میں عدم برداشت اور انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں، اسلام امن کا مذہب ہے، مہذب معاشرے میں کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔