|

وقتِ اشاعت :   September 30 – 2023

خضدار/کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی صدر سابق وفاقی وزیر میر اسراراللہ خان زہری نے اپنے جاری کردہ مذمتی بیان میں کہا ہے کہ مستونگ میں میلادالنبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے جلوس پر دھماکہ، 50 سے زائد نہتے مسلمانوں کی شہادت اور درجنوں افراد کے زخمی ہونے کا واقعے انتہائی افسوسناک ہے .

جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ میر اسراراللہ خان زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حالات دن بدن خراب ہوتے جارہے ہے لوگوں کے جان ومال محفوظ نہیں، مستونگ انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی معاملات میں غفلت اور ناکامی سے علاقے میں خطرناک واقعہ رونما ہوا،۔

اس سے قبل بھی مستونگ میں سیاسی قائدین اور پارٹیوں کے جلسے وجلوسوں پر بم حملے کیے گئے ہیں، جس کا مستونگ میں تسلسل تاحال جاری ہے، بلوچستان میں سیکورٹی پر اربوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں لیکن اس کے باوجود سیاسی قائدین کے جلسے وجلوس پر حملوں کے باعث عوام عدم تحفظ کا شکار ہوتے جارہے ہیں۔۔

میر اسرار اللہ خان زہری نے کہا کہ نگراں حکومت صوبے میں پارٹیوں کے جلسے وجلوس اور سیاسی قائدین کی سیکورٹی کو سخت کرکے ان کو تحفظ دینے کیلئے اقدامات کرے۔ مستونگ میں دھماکے اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں، مقامی انتظامیہ مستونگ میں امن وامان قائم کرنے میں بری طرح ناکام ہے،

علاقے میں پے درپے دھماکوں سے مستونگ کے عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں، مقامی انتظامیہ دھماکے کی تحقیقات کرکے اس میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائے۔