|

وقتِ اشاعت :   September 30 – 2023

کوئٹہ؛ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلی بلوچستان سے امید ہے کہ وہ مستونگ دھماکے کے شہداء اور زخمیوں کے لئے پیکج کا اعلان کرینگے

،نگراں وزیر اعظم اور نگراں وزیر اعلیٰ بلو چستان سے مطالبہ ہے کہ مستونگ دھماکے کے شہداء کے لئے 20 لاکھ اور زخمیوں کے لئے 10 لاکھ کی امداد کا اعلان کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو سینیٹر زنصیب اللہ بازئی، پرنس عمر احمدزئی اور رخسانہ زبیری کے ہمراہ مستونگ دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کیلئے سول اسپتال کا دورہ کے موقع پر کہی۔

انہوں نے ہسپتال میں مستونگ دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی،اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے مستونگ دھماکہ متاثرین کے لئے امدادی پیکج کی تجویز دی اور مطالبہ کیا کہ مستونگ دھماکے کے شہداء کے لئے 20 لاکھ اور زخمیوں کے لئے 10 لاکھ کی امداد کا اعلان کیا جائے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیراعظم اور وزیراعلی بلوچستان مستونگ دھماکے کے شہداء اور زخمیوں کے لئے پیکج کا اعلان کرینگے۔محمد صادق سنجرانی نے زخمیوں کو دی جانے والی سہولیات پراطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کا اسلام اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں ہے عیدمیلاد النبی کے جلوس کو ٹارگٹ کرنا دہشت گردوں کی اسلام دشمنی کاواضح ثبوت ہے ۔

انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان اور سکیورٹی فورسز ،دہشت گردوں کی جڑیں کاٹ چکی ہیں جلد مکمل نجات مل جائیگی ۔ انہوں نے کہاکہ دھماکے میں شہید ہو نے والے افراد کے ورثاء کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں امن عمل کو سبوتاژ کرنے نہیں دیں گے۔