|

وقتِ اشاعت :   September 30 – 2023

کوئٹہ; پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے رکن سابق صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی نے سانحہ مستونگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ میں ملوث عناصر انسان کہلانے کے لائق نہیں۔

جنہوں نے اپنے گھنائونے فعل کو پورا کرنے کے لئے 60 کے قریب بے گناہ انسانوں کے خون سے ہولی کھیل کر بلوچستان کی سرزمین کو لہو لہان کردیا ہے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ملک دشمن عناصر روز اول سے ہی پاکستان اور بلوچستان کو غیر مستحکم کرکے اپنے مذموم مقاصد کو پورا کرنا چاہتے ہیں۔

لیکن ہمارے عوام ایسے عناصر کے تمام اوچھے ہتھکنڈوں کو ناکام بنائیں گے انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی کے جلوس کے موقع پر جس طرح خودکش حملہ کرکے 60 کے قریب بے گناہ انسانوں کے خون سے ہولی کھیل کر بلوچستان کی زمین کو ایک بار پھر لہو لہان کردیا ملک دشمن عناصر نے ہمیشہ لوگوں کے خون سے بلوچستان کی سرزمین کو ایک بار پھر خون میں نہلانے کی کوشش کی ہے۔

ایسے واقعات میں ملوث عناصر نہ ہی مسلمان ہی انسان کہلانے کے مستحق ہیں۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار سانحہ میں ملوث ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دیں تاکہ آئندہ کسی کو بھی اس طرح کا گھنائونا فعل کرنے کی جرات نہ ہو ۔

انتظامیہ کی جانب سے اتنی بڑی ریلی اور عید میلاد النبی کے موقع پر جلوس کی سیکورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کو یقینی نہ بنانا پولیس ، انتظامیہ، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے سوالیہ نشان ہے۔

ہم شہداء کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہے کہ انہیں جنت الفردوس میں جگہ اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور توفیق دے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطاء فرمائے۔