|

وقتِ اشاعت :   October 1 – 2023

بیجنگ/اسلام آباد: چین کے صدر اور وزیراعظم نے مستونگ اور ہنگو میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی ہے۔تفصیلات کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے مستونگ اور ہنگو میں دہشت گردی کے واقعات پر صدر ڈاکٹر عارف علوی کے نام ایک تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔

پیغام میں چین کی قیادت نے پاکستان کی دو ٹوک حمایت کا اعلان کیااور لکھاکہ حملوں میں جانی نقصان بہت افسوسناک ہے۔چینی حکومت اور عوام کی جانب سے صدر شی جن پنگ نے متاثرین کیلئے گہرے دکھ اور سوگوار خاندانوں اور زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔صدر شی جن پنگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔

انھوں نے کہاکہ ان کا ملک قومی استحکام اور سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مضبوطی سے حمایت جاری رکھے گا۔چین کے وزیراعظم لی کیانگ نے بھی پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے تعزیت اظہار کیا ہے۔