|

وقتِ اشاعت :   October 1 – 2023

کوئٹہ: اتحاد اہلسنت بلوچستان کی جانب سے سانحہ مستونگ کے خلاف صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔

اس موقع پر کوئٹہ میں تمام مارکیٹیں، بازار، کاروباری مراکز، پلازے بند رہے ہڑتال کے دوران سیکورٹی کے لئے سخت انتظامات کئے گئے تھے سانحہ مستونگ میں خودکش حملے کے دوران 60افراد شہیداور 65 سے زائد زخمی ہوئے تھے ۔

جس کے خلاف اتحاد اہلسنت بلوچستان کی جانب سے بلوچستان میں شٹر ڈائون ہڑتال کی کال دی گئی ہڑتال کی تمام تاجر تنظیموں ، سیاسی جماعتوں ، دیگر تنظیموں نے بھی شٹر ڈائون ہڑتال کی حمایت کی تھی اتوار کو کوئٹہ کے تمام بازار ، لیاقت بازار، عبدالستار روڈ، میکانگی روڈ، سرکی روڈ، کاسی روڈ، جناح روڈ، سورج گنج بازار، مسجد روڈ، فاطمہ جناح روڈ سمیت تمام مارکیٹیں ، پلازے ، چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند رہے۔

ہڑتال کے دوران کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے انتظامیہ کی جانب سے سخت انتظامات کئے گئے تھے عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر مستونگ میں جلوس کے شرکاء پر خودکش حملے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر صوبائی حکومت کی جانب سے تین روزہ سوگ اور سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم کو سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

جبکہ اتحاد اہلسنت بلوچستان کی 12 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی نے حملے میں ملوث عناصر کی گرفتاری اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ساٹھ بے گنا شہریوں کی شہادت اور 65 سے زائد زخمیوں کو انصاف دلانے کے لئے اتوار کو بلوچستان بھر میں شٹر ڈائون ہڑتال کی کال دی تھی اور اتوار کو کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں مکمل شٹر ڈائون ہڑتال رہی۔

 اتحاد اہلسنت بلوچستان کے زیراہتمام اتوار کو سید شجاع الحق کی قیادت میں سانحہ مستونگ کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔

مظاہرین نے بینرز اورپلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے اتحاد اہلسنت کے سربراہ سید شجاع الحق شاہ ہاشمی ، مفتی محمدصدیق القادری،مفتی مختار احمد حبیبی ،حاجی ظریف احمد رضوی ،صاحبزادہ احمد رضا قمبرانی ، سید حبیب اللہ شاہ،علامہ شہزاد عطاری،فقیرحاجی غلام محمد حسینی ،محمد یوسف مسکانزئی ،علامہ محمد عباس قادری اور مولانا عبدالقدوس حبیبی نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ وفاقی وزیرداخلہ نے کوئٹہ آکر جو پریس کانفرنس کی اس میں برملا اظہار کیا کہ پچھلے ڈو سال سے دہشت گردوں کے ساتھ انتہائی نرمی رکھی گئی ہے۔

تو ہم سوال کرتے ہیں کہ یہ نرمی رکھنے والا کون ہے اور تمام الزامات ’’را’’ پر لگاکر خود کو بری الذمہ کر رہے ہیں ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ خارجی اور انکے ایجنٹوں سہولت کاروں اورانکے ہمدردوں کے خلاف گھیرا تنگ کرکے چن چن کر کیفر کردارتک پہنچایا جائے اور ہمیں بتایا جائے کہ پچھلے دو سال سے دہشت گردوں کو نرمی فراہم کرنے والاکون ہے اوراسے عوام کے جان و مال کی کوئی پرواہ نہیں ۔

72سے زائد شہدا صرف شہید نہیں ہوئے بلکہ یہ تمام خاندان تباہ ہوگئے ہم غم میں ڈوبے ہوئے ہیں ملک کی تعمیر و ترقی میں اہلسنت نے ہمیشہ کردارادا کیا پاکستان بنایا تھا اب پاکستان بچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی ہم نے جنازے اٹھائے ہیں لیکن صبر کا دامن نہیں چھوڑا حکومت ہماری حب الوطنی کو کمزوری سمجھ رہی ہے۔

اس طرح کے دھماکے کرنے والے سمجھتے ہیں کہ ہم تحفظ ناموس رسالتؐ ،عظمت قرآن ،تحفظ اہلیبت و صحابہ کرامؓ و مزارات اولیا کا دفاع کرنے سے پیچھے ہٹ جائیں گے ہم میاد منانا چھوڑدیں گے تو ہم یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ ہم اپنی جانوں کے خون کے آخری قطرے تک سرکارؐ کی ناموس کا دفاع کرتے رہیں ۔

گے لیکن کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ سربراہان اہلسنت بلوچستان کا گرینڈ اجلاس بلاکر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔اتحاد اہلسنت بلوچستان کی اپیل پر کامیاب شٹرڈاؤن ہڑتال کرنے پر بلوچستان سمیت ملک بھر کی تمام تاجرتنظیموں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔