|

وقتِ اشاعت :   October 2 – 2023

زیارت:  پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پشتونخوا میپ پشتونخوا وطن اور پشتون افغان ملت کے ہر قسم کے مفادات کا تحفظ کرنے والی چوکیدار پارٹی ہے ہمارے عوام کو پارٹی سے جو امیدیں وابستہ ہے ۔

انھیں پورا کرنے کے لئے پارٹی کو مزید وسیع، فعال اور منظم کرنے کی ضرورت ہے ۔

اور ہمیں اور آپ کو ہر قسم کے ذاتی و گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر جاری تحریک میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ اور پارٹی منشور و آئین اور پارٹی پالیسی کی روشنی میں جدوجہد کرتے ہوئے ہر مرحلے پر پارٹی نظم وضبط کی پابندی کرنی ہوگی اور پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو اپنے علمی، نظریاتی اور تنظیمی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہوگا۔

وہ پارٹی ضلع زیارت کے ضلعی کانفرنس کے کھلے سیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ جس سے پارٹی کے سینئر ڈپٹی چیئرمین رضا محمد رضا، مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسی روشان، صوبائی صدر نصر اللہ خان زیرے، صوبائی سیکرٹری خوشحال خان کاسی، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریوں خلیل خان ترین، قیاس افغان، باز پشتون، سلیمان خان بازئی، ڈپٹی سیکرٹری سندھ نظام کاکڑ اور پشتونخوا ایس او کے زونل ڈپٹی آرگنائزر ملک شعیب کاکڑ نے بھی خطاب کیا۔

اس سے پہلے ضلع کانفرنس کا بند اجلاس پارٹی کے صوبائی صدر نصر اللہ خان زیرے کے زیر صدارت میں منعقد ہوا ۔

جس میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ضلعی معاون سیکرٹری عبدالفیاض نے سیاسی و تنظیمی رپورٹ پیش کی جس کی مندوبین نے منظوری دی۔ جبکہ شاہ زمان خان سیکرٹری اور عبد الوہاب دومڑ ضلعی سینئر معاون سیکرٹری کی قیادت میں ضلع ایگزیکٹیو کا انتخاب اتفاق رائے سے عمل میں لایا گیا ۔

جس سے پارٹی چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے حلف لیا۔ جبکہ پارٹی کے مرکزی سیکرٹری مالیات یوسف خان کاکڑ، صوبائی سینئر نائب صدر اللہ نور خان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز علی محمد ترین، زمان خان کاکڑ، محمود ریاض کاکڑ اور ضلع ہرنائی کے ضلعی سینئر معاون سیکرٹری حاجی دوران ترین نے وفد کے ساتھ شرکت کی۔

پارٹی چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی حقوق و اختیارات کے حصول اور مسلط استعماری نظام کو بدلنے کے لئے عوامی تائید و حمایت کے ذریعے جدوجہد کو آگے بڑھانا ہے۔

اور ان کے لئے اپنے غیور عوام کو پارٹی صفوں میں شامل کرتے ہوئے ہر سطح پر انکی حمایت حاصل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چمن سے لیکر موسی خیل تک اور سبی سے لیکر سوات تک پشتونخوا وطن کے عوام کو زندگی کے ہر شعبے میں بدترین اور سنگین صورتحال کا سامنا ہے۔

اور زندگی کے ہر شعبے میں تنزلی کی راہ پر گامزن ہے۔

جبکہ اپنے وطن میں مسلط بدترین دہشت گردی، بدامنی، لاقانونیت، مہنگائی اور بیروزگاری کے باعث کروڑوں کی آبادکاری پر مشتمل ہمارے عوام ملک کے دوسرے صوبوں میں محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہے اور آپنے وطن کی طرح ملک کے دوسرے علاقوں میں بھی بنیادی انسانی حقوق تک اور ہر قسم کی نمائندگی سے محروم رکھا گیا ہے۔