|

وقتِ اشاعت :   October 2 – 2023

کوئٹہ : گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ سے نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی پیر کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں ملاقات کی۔ملاقات میں ملک وصوبے کی تازہ ترین سیاسی صورتحال، پائیدار تعمیر و ترقی میں جدید ٹیکنالوجی کا کردار، صوبے بھر میں فنی و تیکنیکی اداروں کی مکمل فعالیت اور بیروزگار نوجوانوں کو جدید مہارتیں سکھانے کے مواقع فراہم کرنے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ ٹیکنالوجی دراصل معاشی اور معاشرتی ترقی کی اساس ہے ۔

اور یہ حقیقت ہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے واقفیت پیدا کیے بغیر روشن مستقبل کے خواب کو شرمندہ تعبیر نہیں کیا جا سکتا۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ سردست بلوچستان میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس لیبارٹری (اے آئی لیب)کے قیام کی اشد ضرورت ہے جس کی مدد سے جدت اور جدیدیت کی نئی راہیں متعین ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا روشن مستقبل بلوچستان سے وابستہ ہے لہذا ضروری ہے کہ صوبے میں موجود منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقعوں کی جانب قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی توجہ مبذول کرائی جائے۔