|

وقتِ اشاعت :   October 3 – 2023

کوئٹہ: پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بریگیڈیئر (ر) بابر معراج شامی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پایا جانے والا ماربل اور گرینائٹ معیار کے حوالے سے اپنی مثال آپ ہے۔

ان کی کان کنی کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان میںمنعقدہ سمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس سے قبل ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی ، سینئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی اور نائب صدر سید عبدالاحد آغا و دیگر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ماربل اور گرینائٹ کے ساتھ ساتھ مختلف قسم کے قیمتی معدنیات موجود ہیں تاہم روایتی کان کنی کے طریقوں کی وجہ سے ان کی بڑے پیمانے پر ضیاع ہورہا ہے ۔

کان کنی کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرکے یہاں موجود معدنیات سے بھر پور استفادہ حاصل کیا جاسکتا ہے ۔

پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کو چاہیے کہ وہ صوبے میں پائے جانے والے ماربل اور گرینائٹ کی عالمی تجارت نمائشوں میں رسائی اور پروموشن کا سامان ہے

اس کے علاوہ ان کی جدید خطوط پر پروسسنگ کا سامان کیا جائے تاکہ اس سے ملک اور صوبے کی روینیو میں اضافہ ہوسکے اور لوگوں کو باعزت روزگار کے مواقع میسر آسکے ۔ ایوان صنعت و تجارت پیداواری شعبہ جات کی بہتری اور قانون تجارت کے فروغ کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔ اس موقع پر پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بریگیڈئیر ( ر) بابر معراج شامی اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے حکام کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے ۔

کہ روایتی طرز کان کنی کو جدید خطوط پر استوار کرکے ماربل اور گرینائٹ جیسے معدنیات کا ضیاع روکا جائے ۔

انہوںنے کہا کہ ہم بہتر حکمت عملی کے ذریعے ایک بار پھر گرینائٹ اور ماربل کی درآمد میں اضافے کے لئے کوشاں ہیں ۔

اس کے لئے عالمی منڈیوں تک رسائی ، نمائشوں اور تقریبات میں شرکت اور دیگر کا سامان کیا جارہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ ماربل اور گرینائٹ جیسے بیش بہا معدنیات کے ضیاع کو روکنے کے لئے ان شعبوں سے وابستہ کاریگروں کو اچھی تربیت فراہم کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ معدنیات سے مالا مال صوبہ بلوچستان میں بے روزگاری اور پسماندگی پر تب قابو پایا جاسکتا ہے۔

جب یہاں پیداواری شعبہ جات کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے ۔ انہوں نے ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان اور PASDEC کے عہدیداران اور ممبران کی تجاویز کو سراہا اور کہا کہ ان پر عمل درآمد کے لئے اقدامات اٹھائے جائیںگے ۔