|

وقتِ اشاعت :   October 3 – 2023

کوئٹہ: جوائنٹ ایکشن کمیٹی جامعہ بلوچستان کے پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ، شاھ علی بگٹی ، نذیر احمد لہڑی ،فریدخان اچکزئی، نعمت اللہ کاکڑ ،گل جان کاکڑ اور دیگر نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا ہے

کہ جامعہ بلوچستان کے اساتذہ کرام، آفیسران اور ملازمین ایک بار پھر تاحال اپنی ماہانہ تنخواہ اور پینشنرز پینشنز سے محروم ہیں۔ بیان میں کہا گیا ۔

کہ پچھلے مہینے بھی تنخواہوں کی ادائیگی 15 تاریخ کے بعد بمشکل ممکن ہوسکی جبکہ جامعہ بلوچستان کے تینوں ریسرچ سینٹرز کے اساتذہ کرام ،آفیسران اور ملازمین کو اس سال کے بجٹ میں اضافہ شدہ 35 فیصد کی ادائیگی ابھی تک نہیں کی گئی جبکہ ریسرچ سینٹرز کے اساتذہ کرام اور ملازمین کو ہاوس ریکوزیشن اور دیگر منظور شدہ الاونسز سے بھی محروم رکھا گیا ہیں۔

بیان میں واضح کیا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے سالانہ بجٹ 2023-2024 سے پہلے بھرر پور انداز میں مرکزی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ جامعات کی بجٹ میں اضافہ کرکے جامعات کو مالی و انتظامی بحران سے نکالے لیکن بدقسمتی سے کوئی بھی اضافہ نہیں کیا گیا۔

بیان میں یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر، پرووائس چانسلر، ٹریڑار اور رجسٹرار سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جلد از جلد تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو ممکن بنائے بصورت دیگر تنخواہوں سے محروم اساتذہ کرام، آفیسران اور ملازمین کو سخت احتجاج سے نہیں روکا جاسکتا۔