|

وقتِ اشاعت :   October 6 – 2023

 نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی جمعہ کو ایک روزہ دورے پر لہڑی پہنچے ہیلی پیڈ پر کمشنر سبی ڈویڑن بشیر احمد بنگلزئی ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خدائے رحیم میروانی ، اسسٹنٹ کمشنر لہڑی اویس افضل, اسسٹنٹ کمشنر سبی جاراللہ خان و دیگر حکام نے نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کا استقبال کیا ۔

نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان کو محکمہ مواصلات کی جانب سے چیف انجینئر میر احمد مینگل نے بختیار آباد تا لہڑی روڑ منصوبے سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اٹھائیس کلو میٹر پر محیط یہ نظر ثانی شدہ منصوبہ سات سو ملین روپے کا ہے۔

جس میں 102 ملین روپے گزشتہ مالی سال ریلیز کئے گئے تاہم سیلاب و دیگر وجوہات کی وجہ سے یہ منصوبہ گزشتہ دو سال سے تعطل کا شکار رہا، تاہم اب 19 ملین روپے کی ریلیز آ چکی ہے اور رواں ہفتے سے کام دوبارہ شروع ہوجائے گا سائٹ پر مشینری اور ضروری ساز و سامان پہنچا دیا گیا ہے فنڈز کی بلا تعطل فراہمی جاری رہی تو منصوبہ جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بختیار آباد تا لہڑی روڑ منصوبے میں پہلے ہی غیر ضروری تاخیر برتی گئی ہے ۔

اور اب اس میں مزید کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اس منصوبے کے لیے فنڈز کے اجراء کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا اور صوبائی حکومت اس منصوبے کے لیے مختص فنڈز کام کی پراگرس کے مطابق جاری کئے جائیں گے اس موقع پر سیکرٹری مواصلات اکبر بلوچ ، کمشنر سبی ڈویڑن بشیر احمد بنگلزئی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔