بلوچستان میں زیرتعمیر منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنانا نگراں حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہونا چاہئے۔
اور اس کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانا ضروری ہے۔ بلوچستان میں مواصلات ، شاہراہیں، تعلیمی ادارے، صحت کے مراکز، پانی، سیوریج سمیت دیگر مسائل کے انبار موجود ہیں ۔ بلوچستان بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے رقم بھی مختص کی جاتی ہے مگر المیہ یہ ہے کہ منصوبے تاخیر کا شکارر ہتے ہیں اورمختص رقم لیپس ہوجاتی ہے ۔
یا پھرکرپشن کی نذر ہوجاتی ہے ۔ بہرحال نگراںوزیراعلیٰ بلوچستان میرعلی مردان خان ڈومکی نے اس عزم کااظہار کیا ہے کہ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایاجائے گا۔
جوکہ خوش آئند بات ہے۔نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے تمام دور افتادہ علاقوں میں ذرائع مواصلات، صحت، تعلیم اور پینے کے صاف پانی سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں ہماری کوشش ہے کہ دستیاب وقت میں عوام کی فلاح کے لئے ایسے قابل عمل اقدامات اٹھائے جائیں جن کے ثمرات عوام تک پہنچیں ۔
نگراںوزیراعلیٰ بلوچستان کا اپنے آبائی علاقے لہڑی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عوام کی مشکلات کا بخوبی احساس ہے عرصہ دراز سے التواء کے شکار مسائل کا فوری حل مشکل ضرور ہے۔
تاہم ناممکن نہیں خلوصِ دل سے عوام کو درپیش مشکلات کے تدارک کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں تو یہ بتدریج حل ہوسکتے ہیں۔
اور عوام کو ریلیف مل سکتا ہے۔ میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ تحصیل لہڑی میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے وہ منصوبے جو پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت منظور شدہ ہیں اور فنڈز کے عدم اجراء کے باعث تعطل کا شکار ہیں۔
ان پر بلا تاخیر کام شروع کیا جائے، فنڈز کی ریلیز صوبائی حکومت یقینی بنائے گی ۔نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ انتظامی محکموں کے افسران عوام کی سہولیات کے لئے خدمات کو بہتر بنائیں اور سرکاری دفاتر میں ذمہ داران سمیت ماتحت اسٹاف کی حاضری یقینی بنائی جائے، عوامی سروسز کی فراہمی کے ادارے فعال طور پر اپنے فرائض کی انجام دہی یقینی بنائیں ۔
اس ضمن میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
قبل ازیں نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کا دورہ کیا اور اسکول کی عمارت کی خستہ حالی پر اظہار برہمی کیا اور پی ایس ڈی پی کے تحت منظور شدہ اسکیمات میں تعلیمی اداروں کی تعمیر و مرمت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی شعبے کے لئے پی ایس ڈی پی کے تحت مختص فنڈز کے اجراء کو یقینی بنایا جائے گا ۔
انہوں نے ہدایت کی بوائز ہائی سکول میں سائنس اور کمپیوٹر لیب میں ضروری سامان فراہم کرکے فعال کیا جائے اور اساتذہ کی حاضری یقینی بنائی جائے اور تعلیمی نظام کی فعالیت کے لئے ڈپٹی کمشنر سبی تعلیمی اداروں کے اچانک دورے کرکے اساتذہ کی حاضری چیک کریں۔
بہرحال بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے عوام کی بہت ساری مشکلات میں کمی آجائے گی اور دیرینہ مسائل بھی حل ہونگے۔ ملک کے دیگر صوبوں میں ترقیاتی کام تیزی کے ساتھ جاری ہیں اور ترقی کے حوالے سے وہ بلوچستان سے بہت آگے ہیں امید ہے۔
کہ نگراںوزیراعلیٰ بلوچستان اپنی مدت کے دوران بہت سارے منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنائینگے اور عوام کو ریلیف پہنچائیں گے۔