|

وقتِ اشاعت :   October 10 – 2023

فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس اور اسرائیل کے درمیان لڑائی چوتھے روز میں داخل ہو چکی ہے جس کے نتیجے میں اب تک 900 سے زائد اسرائیلی ہلاک اور 700 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

غزہ

اسرائیل کی جانب سے غزہ میں بمباری کا سلسلہ تیسری رات بھی جاری رہا اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا۔

فلسطینی وزیر صحت کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 704 تک پہنچ گئی ہے جن میں 143 بچے اور 105 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 4 ہزار افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

 

اسرائیلی فضائی حملوں میں دو فلسطینی صحافی بھی شہید ہوئے جبکہ غزہ میں 137,000 سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی فوج

اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس نے غزہ کی پٹی میں 200 سے زائد مقامات پر رات کو حملے کئے۔

صیہونی فوج نے دعویٰ کیا کہ حملوں میں جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا ان میں ایک مسجد بھی شامل ہے جس میں اسلحہ ذخیرہ کیا گیا تھا اور حماس کے زیر استعمال ایک اپارٹمنٹ کو بھی تباہ کیا گیا۔

اسرائیلی فوج نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اس نے غزہ کی باڑ کا مکمل کنٹرول دوبارہ حاصل کر لیا ہے جسے حماس نے توڑا تھا۔

اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر گیلاد اردان نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این سے گفتگو میں بتایا کہ حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے افراد کی تعداد 100 سے 150 کے درمیان ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کی محفوظ راہداری کی اپیل

فلسطینی وزارت صحت نے غزہ کے ہسپتالوں میں مریضوں کو لانے کے لئے ایک محفوظ راہداری کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔

وزارت صحت کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فورسز نے رات بھر خان یونس شہر کے مشرق میں چار ایمبولینسز کو نشانہ بنایا ہے اور رات بھر بمباری کر کے وہاں واحد ہسپتال کو سروسز سے محروم کر دیا ہے۔

اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے انسانی امدادی ادارے کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بڑے پیمانے پر نقل مکانی میں ریکارڈ کی گئی اور تقریباً 187,518 سے زیادہ فلسطینی اپنا گھر بار چھوڑ چکے ہیں۔

الاقصیٰ شہداء بریگیڈ

مقامی میڈیا کے مطابق فلسطینی الاقصیٰ شہداء بریگیڈ کا کہنا ہے کہ اس کے جنگجو مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں مصروف ہیں۔

الاقصیٰ شہداء بریگیڈ کی جانب سے جاری کر دہ پیغام میں کہا گیا کہ اس کے جنگجوؤں نے نابلس اور جینن کے علاقوں میں اسرائیلی فورسز کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا ہے۔