|

وقتِ اشاعت :   October 15 – 2023

کوئٹہ:  صوبائی وزیر برائے قانون و پارلیمانی امور و پراسیکیوشن امان اللہ کنرانی نے کہا ہے

کہ حکومت بلوچستان کے متحرک وزیراعلی میرعلی مردان ڈومکی و موثر چیف سیکرٹری شکیل قادر و صوبائی کابینہ کے اراکین ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی،پرنس احمد علی،امجد رشید،ڈاکٹر قادر بخش بلوچ،سردار اعجاز جعفر،جان اچکزئی،نوابزادہ جمال خان رئیسانی و آصف الرحمن و ثانیہ خان،عمیر محمد حسنیٰ اور دانش لانگو سمیت سیکرٹری

پراسیکیوشن غلام علی بلوچ نظم و نسق عمومی حکومت بلوچستان بابر خان کاکڑ و ہماری مشترکہ کاوشوں سے حکومت بلوچستان قانون کے نفاذ و عملداری کے لئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے ۔ یہ بات انہوں نے اتوار کوصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہاکہ پہلے مرحلے میں گزشتہ بیس سال کے بعد محکمہ پراسیکوشن و پراسیکوٹر جنرل کے قواعد و ضوابط مرتب ہوکر نافذ یعنی روبہ عمل آگئے وہاں مجموعی طور تمام محکموں میں بالعموم آئین کے اٹھارویں ترمیم کے بعد بالخصوص صوبوں کو منتقل ہونے والے محکموں میں قانون سازی اور قواعد کو مرتب کرنا اولین ترجیح ہے.

اس سلسلے میں حکومت نے میری یعنی صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور امان اللہ کنرانی کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو اس سلسلے قواعد وضوابط کو متعلقہ محکموں کے توسط سے مرتب کرکے قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے سمیت مختلف امور کی انجام دہی کو ضابطہ کار کے اندر لانے کی بھرپور کاوش کو سُرعت سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔