|

وقتِ اشاعت :   October 15 – 2023

نوشکی :  بلوچستان نیشنل پارٹی نوشکی کے زیر اہتمام وڈھ میں ممکنہ فوجی آپریشن اور ڈیتھ اسکواڈ کی سرکاری پشت پناہی کے خلاف خواتین اور بچوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا.

مظاہرین سے ضلعی صدر حاجی میر بہادر خان مینگل ممبر سی ای سی میر خورشید جمالدینی میر صاحب خان مینگل ذاکٹر فیض مینگل بی ایس او کے سی سی ممبر آغا الیاس شاہ، ناز مینگل اور ثمن مینگل نے خطاب کیا مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے ممالک میں ترقی خوشحالی اور امن کے لئے عہد کی تجدید کی جاتی ہے لیکن انتہاہی دکھ اور افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے .

کہ سر زمین بلوچستان اور بلوچ قوم پر ہر سال اور ہمیشہ ظلم و بربریت اور سفاکی کی مختلف انداز اور طریقے سے عہد تجدید کی جاتی ہے انھوں نے کہا کہ حکمرانوں کو یہاں کی امن سے کوئی دوستی نہیں اگر انھیں امن سے دوستی ہوتی تو ڈیتھ اسکواڈ جیسے بدنام زمانہ دہشتگرد ٹولہ کی نہ پشت پناہی کرتی اور نہ ہی ایسے افراد کو باقاعدہ پروٹوکول دے کر ان کی عزت افزائی اور حوصلہ افزائی کرتے۔

مگر پوری دنیا دیکھ رہا ہے کہ جمہوریت اور پرامن طرز سیاست پر قدغن لگا کر دہشت گردوں کو پال کر انکو ہر قسم کی توانائی بخشی جارہی ہے مقررین نے کہا کہ ڈیتھ اسکواڈ اور اس کے سربراہ کی کارستانیوں سے کون واقف نہیں توتک کے اجتماعی قبروں سے لیکر شہدا پولیس چیک پوسٹ سانحہ صفورہ کراچی سانحہ شکار پور و آڑنجی سمیت سینکڑوں چھوٹے بڑے واقعات کے نہ صرف پیروں کے نشانات اس دہشتگرد گروہ تک جاتے ہیں۔

بلکہ کئی واقعات کی ایف آئی آر ملکی قوانین کے تحت اس دہشتگرد گروہ اور اس کے سربراہ کے خلاف مختلف تھانوں میں درج ھیں لیکن آج تک نہ اسے گرفتار کیا گیا اور نہ ہی اس پر دائرہ تنگ کرنے کی کوشش کی گئی بلکہ الٹا پر امن سیاسی جدوجہد کرنے والوں کو سیاسی عمل سے بیدخل کرنے کے لئے اسٹیبلشمنٹ ایسے دہشتگرد وں کے کندھوں پر بیٹھ کر خون کی ہولی کھیلتی آرہی ہے۔

مقررین نے کہا آج ایک دفع پھر ڈیرہ بگٹی کے طرز کی آپریشن کے تحت بی این پی اور اس کے قائدین کو دیوار سے لگا کر اہل بلوچستان کو مفاد پرستوں اور دہشگردوں کے حوالہ کر کے سیاسی پیداواری عمل کو بانجھ پن کا شکار کر کے حقوق کے لئے اٹھنے والی آواز کا خاتمہ کر کے لوٹ اور استحصال کو بلا روک ٹوک جاری رکھنے کی حکمت عملی کو عملی جامہ پہنانا ھے مقررین نے کہا کہ حکمرانوں کی غلط فہمی ہے ۔

کہ بلوچستان نیشنل پارٹی اور اسکے قاہدین اور جان نثار ورکروں کو زیر کر کے اپنے مذموم مقاصد کو پایہ تکمیل تک پہنچاہیگی بلکہ آج بلوچستان کا بچہ بچہ اور مرد و خواتین اپنے محبوب قائد کے شانہ بشانہ سینہ سپر ہیں۔