|

وقتِ اشاعت :   October 15 – 2023

کوئٹہ: گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ حکومت کو اپنی معاشی پالیسی ترتیب دینے، بجٹ تیار کرنے اور منصوبہ سازی میں متعلقہ شعبوں کے ماہرین و محققین کی ضرورت ہوتی ہے ۔

اس ضمن میں ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ ہماری تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز میں سینکڑوں باصلاحیت ماہرین اور محققین موجود ہیں جن میں سے بیشتر بیرونی ممالک سے ڈگری یافتہ ہیں جن سے صوبائی حکومت پالیسی سازی و منصوبہ سازی میں استفادہ کر سکتی ہے۔

اس کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں میں کئی ایسے ذہین، زیرک اور باصلاحیت افراد بھی موجود ہیں جن کے علم و تجربہ سے بھرپور فکری رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں اور حکومتی پالیسیوں کا بنیادی مقصد عام آدمی کو فائدہ پہنچانا اور اسے مستحکم کرنا ہے۔

ایسا کر کے حکومت عوام کے بجٹ کو عوام پر ہی خرچ کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تیاری، ان پر عملدرآمد اور ان کی مناسب دیکھ بھال کے تینوں مراحل میں معاشرے میں موجود پڑھے لکھے ویژنری افراد سے مشاورت بہتر نتائج کے حصول میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماہرین اور محققین کا انتخاب کرتے ہوئے ہر قسم کے تعصب اور امتیاز سے بلند ہونا ضروری ہے ہمیں ان کے رنگ، نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر ان کی اہلیت اور قابلیت کا احترام کرنا چاہئے ذہن نشین رہے کہ سب کو ساتھ لیکر چلنے کی پالیسی ہمیشہ کامیاب ہوتی ہے۔