|

وقتِ اشاعت :   October 16 – 2023

تربت : نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی بزنجو ہائوس کراچی میںپارٹی کے مرکزی رہنماء اور بزنجو قبیلہ کے سربراہ سردار اسلم جان بزنجو سے اہم سیاسی بیٹھک ، سیاسی صورتحال اور متوقع الیکشن الائنسز پر تبادلہ خیال اور بعض اہم سیاسی معاملات پر سردار اسلم جان کو اعتماد میں لیا،

اس موقع پر پارٹی کے رہنماء ڈاکٹر یوسف بزنجو، انجینئر حاجی نعیم بلوچ، ولید خان بزنجو، نیشنل پارٹی نال کے ساتھی میر حنیف بزنجو، نیشنل پارٹی کیچ کے کارکن حلیم بلوچ اور میر رامین بلوچ بھی موجود تھے، علاوہ ازیں نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ،سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے پارٹی کے ذمہ داراں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے ۔

کہ متوقع عام انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کے لیئے اپنے اپنے علاقوں میں عوامی رابطہ مہم کا آغاز کرتے ہوئے عوام سے قربت اختیار کریں، انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی خواہاں ہے کہ منفی قوتوں کا راستہ روکنے کے لیئے بلوچستان میں حقیقی سیاسی جمہوری قوتیں یکجا ہوکر انتخابات میں جائیں اس ضمن میں نیشنل پارٹی دیگر سیاسی جمہوری جماعتوں کے ساتھ گفت و شنید کررہی ہے اور ہم پُر امید ہیں کہ بات چیت کسی مثبت نتیجہ تک پہنچیں گے،

انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی اپنے عوام کی طاقت اور کارکنوں کی شب و روز کی محنت سے مجوزہ الیکشن میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے آنے والی حکومت میں تمام شعبہ ہائے زندگی میں مثبت بنیادی تبدیلی لانے کی کوشش کریگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز کراچی میں اپنے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے میں پارٹی کے ساتھیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،

اس موقع پر نیشنل پارٹی کے رہنما چیئرمین خیرجان بلوچ، گلزار گچکی، اشرف محمود، مجید ساجدی، میر ولید خان بزنجو، میر شاہ وس خان بزنجو اور نیشنل پارٹی کیچ کے کارکن حلیم بلوچ موجود تھے، پارٹی صدر نے مجوزہ انتخابات میں الیکشن الائنسز اور سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے ساتھیوں سے مشاورت کرتے ہوئے اہم سیاسی فیصلہ جات کے ضمن میں دوستوں کو اعتماد میں بھی لیا ۔