|

وقتِ اشاعت :   October 16 – 2023

خضدار : وڈھ میں فائرنگ رک گئی،بازار 8 ہفتوں بعد کھل گیا، شہریوں کے چہرے کھل اٹھے، این 25 شاہراہ پر آمد و رفت رواں دواں، فورسز کی جانب سے وڈھ کے تمام حساس مقامات پر گشت جاری،

کل کے دن مذید بہتری کی توقع کی جارہی ہے تفصیلات کے مطابق تحصیل وڈھ میں جاری کئی مہینوں کی کشیدگی میں مسلسل کمی آرہی ہے۔ اتوار کے روز اس حوالے سے جمود ٹوٹ گیا اور بازار کھل گیا ۔

جب کہ اطراف سے ایک فائر بھی نہیں چلی۔ اسی دوران بلا خوف و خطر این 25 شاہراہ پر ٹریفک بھی چلتی رہی۔ وڈھ میں امن کی کرنیں نمودار ہونے سے وڈھ سمیت پورے جھالاوان اور بلوچستان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

معمولات زندگی بحال ہونے لگے ہیں۔

یاد رہے کہ ایپکس کمیٹی نے وڈھ میں معمولات زندگی بحال کرنے اور فائرنگ روکنے کے لئے فریقین کو چار دن کی مہلت دے رکھی تھی جس کی آخرڈیڈ لائن اتوار کی شام تک مکمل ہونا تھی۔

تاہم اس سے قبل امن و امان بحال ہونا شروع ہوگیا ہے۔

جب کہ جییوآئی کے رہنماء￿ مولانا محمد خان شیرانی نے بھی آخری دنوں میں قیام امن کے لئے کوششیں کیئے تھے اور خضدار میں ایک فریق سمیت مختلف وفود سے ملاقاتیں بھی کیئے تھے۔

اور انہوں نے اپنا ایک پریس ریلیز جاری کرکے امن بحالی کی خوشخبری دیدی تھی۔ اتوار کے روز وڈھ میں جب بازار کھلنا شروع ہوگیا اور فورسز نے گشت بڑھانا شروع کردیا تو سوشل میڈیا پر فریقین کے حامی متضاد دعوے کرتے رہے تاہم عام عوام کا فوکس بازار کے کھلنے اور فائرنگ رکنے پر مرکوز تھی جو کہ عوام کی خواہشات کے مطابق انجام پائے۔

آج پیر کے روز توقع کی جارہی ہے کہ وڈھ حالات میں مذید بہتری آئیگی۔