|

وقتِ اشاعت :   October 17 – 2023

کوئٹہ: جھالاوان عوامی پینل کے مرکزی رہنماء ندیم بلو چ نے کہا ہے کہ جب وڈھ کے معاملات معمول پر آگئے ہیں۔

تو بلوچستان نیشنل پارٹی اسے کیوں ہوا دے رہی ہے ؟، بی این پی خود وڈھ میں انگیج رہنا چاہتی ہے تاکہ آنے والے انتخابات میں حصہ لینے کے لئے وہ وڈھ معاملے کا سہارا لے سکے،بلوچستان کے عوام بی این پی کے لانگ مارچ مسترد کر دے گی ۔

یہ بات انہوں نے منگل کو ہدایت اللہ محمد زئی، نصیر مینگل، سنگت موسیٰ مینگل، اسفند یارلہڑی، میر امجد مینگل میر نعمان مینگل کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ بلو چستان میں جھوٹے نعروں کو پروان چڑھا نے کی کوشش کی جا رہی ہے ،

بلو چستان کے عوام کو ماضی میں ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ۔

انہوں نے کہاکہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں ہو نے والا فیصلہ انصاف کے تقاضوں کے بر خلاف ہے لیکن ہم نے پھر بھی عوام کے مفاد کی خاطر فیصلوں کو قبول کیا ۔ انہوں نے کہاکہ وڈھ شہر کھل گیا ہے لیکن تاجربرادری احتجاج کر رہے ہیں ۔

کہ انکی دکانوں کے اوپر بنائے گئے مورچے انکی دکانوں سے سامان لوٹ کر چکے گئے ہیں جس کی شدید الفاظ میںمذمت کر تے ہیں ۔ انہوں نے بلو چستان نیشنل پارٹی کو مخاطت کرتے ہوئے کہا کہ لشکر کشی تو ختم ہو گئی اب مسئلے کی نشاندہی کی جائے ، بی این پی خود وڈھ میں انگیج رہنا چاہتی ہے۔

تاکہ آنے والے انتخابات میں حصہ لینے کے لئے وہ وڈھ معاملے کا سہارا لے سکے ۔ انہوں نے کہاکہ وڈھ معاملات جب معمول پر آگئے ہیں تو کیوں ایک بار پھر اسے ہوا دی جا ری ہے ، جیسے خضدار کے عوام نے بلو چستان نیشنل پارٹی کو بلدیاتی انتخابات میں مسترد کیا ویسے ہی بی این پی کے لانگ مارچ کو بلو چستان کے عوام مسترد کریں گے ۔۔

انہوں نے کہاکہ قوم پر ستی کے نام پر عوام کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف جدو جہد ہمیشہ جا ری رہے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ چیف آف سراوان نواب محمد اسلم رئیسانی ایک معتبر شخصیت ہیں یہ بات ہر گز درست نہیں کہ ہماری طرف سے انہیں اختیارات نہیں دئے گئے تھے ، ہم آخری دم تک نواب محمد اسلم رئیسانی کو دی ہوئی زبان پر کھڑے رہے ہم پہلے اور آج بھی جرگے کے لئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بلو چستان کے بہت سے ایسے سردار بھی ہیں جو بلو چستان اور بلو چستان کے عوام کے ساتھ مخلص ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ توتھک معالے متعلق لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں ۔