|

وقتِ اشاعت :   October 20 – 2023

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے اٹھارہویں میچ میں آسٹریلوی بیٹرز نے پاکستان بولرز کا بھرکس نکالتے  ہوئے 367 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔

بنگلورو کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کے بعد  آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز مچل مارش اور ڈیوڈ وارنر نے کیا۔

آسٹریلوی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنائے، کینگروز کی جانب سے ڈیوڈ وارنر163 اور مچل مارش نے 121 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا ورلڈکپ میں پاکستان کیخلاف سب سے بڑا ٹوٹل کرنے والی ٹیم بن گئی

 آسٹریلیا ورلڈکپ کی تاریخ میں پاکستان کے خلاف سب سے بڑا اسکور کرنے والی ٹیم بن گئی ہے۔

اس سے قبل رواں ورلڈکپ میں ہی سری لنکا نے 10 اکتوبر کو پاکستان کے خلاف 344 رنز بنائے تھے۔

پلیئنگ الیون میں تبدیلی

آسٹریلیا کے خلاف قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں شاداب خان کی جگہ اسامہ  میر کو شامل کیا گیا ہے۔

ٹاس کے بعد کی گئی گفتگو میں کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے اس میچ کےلیے اچھی ٹریننگ کی ہے اور  کئی اچھے پریکٹس سیشن کیے ہیں، اس میچ میں اچھی کارکردگی دکھاکر جیتنے کی کوشش کریں گے  اور  جلدی وکٹ لینے کی کوشش کریں گے۔

 بابر اعظم   نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف بیٹرز کو اچھی کارکردگی دینی ہوگی ہم صرف مختلف کمبی نیشن آزما رہے ہیں،  شاداب کی جگہ اسامہ میر کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیاہے 

دوسری جانب  آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ  ہم ٹاس جیتتے تو بولنگ کرتے۔

آسٹریلیا کی اننگز

مچل مارش اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کے آغاز سے ہی پاکستانی بولرز کی جم کر دھلائی کی اور اپنی ٹیم کو پہاڑ جیسے شاندار رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی۔

اس دوران اسامہ میر اور عبد اللہ شفیق کی ناقص فیلڈنگ کی بدولت کینگروز کو مزید جم کر کھیلنے کا موقع فراہم کیا۔

وارنر اور مارش نے پاکستان کیخلاف ورلڈکپ کی سب سے بڑی شراکت بنائی

وارنر اور مارش کے درمیان پہلی وکٹ پر 259 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی جو کہ پاکستان کے خلاف ورلڈکپ میں کسی بھی وکٹ پر سب سے بڑی شراکت داری ہے۔

پاکستان کے خلاف پہلی مرتبہ کسی ٹیم نے ورلڈ کپ میں 200 رنز کی شراکت بنائی ہے۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے برائن لارا اور ڈیسمونڈ ہائنس نے 1992 میں پاکستان کے خلاف 175 رنز کی شراکت بنائی تھی۔

تاہم میچ کے34 اوور میں مچل مارش 121 رنز کی شاندار اننگزکھیلتے ہوئے اسامہ میر کو کیچ دے بیٹھے جس کے بعد اگلی ہی گیند پر گلین میکسویل بھی شاہین شاہ کی گیند پویلین لوٹ گئے جبکہ اسٹیو اسمتھ 7 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے۔

اس کے علاوہ ڈیوڈ وارنر 124گیندوں پر 163 رنز بنا کر پویلین لوٹے، وہ  ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف سب سے بڑے انفرادی اسکور کرنے والے بیٹر بھی بن گئے۔