|

وقتِ اشاعت :   November 4 – 2023

پاکستان اور  نیوزی لینڈ کے درمیان جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 35 ویں میچ میں بارش ایک بار  پھر  آڑے آگئی ہے اور میچ روک دیا گیا ہے۔

ڈک ورتھ لوئس (ڈی ایل ایس) میتھڈ کے تحت پاکستان 21  رن آگے ہے، 25.3  اوور  پر  پاکستان کو  ایک وکٹ پر 179 رن کرنا تھے، اگر  ایک گھنٹہ مزیدکھیل رکا رہا  تو  پاکستان میچ  جیت جائےگا۔

فخر زمان 125 اور  بابراعظم 66  رن کے ساتھ  وکٹ پر موجود ہیں۔

اس سے قبل پاکستان نے نیوزی لینڈ کے 402 رن کے ہدف کے جواب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 160 رن بنائے تھے تاہم بارش کے باعث میچ روک دیا گیا تھا اور  ڈک ورتھ لوئس (ڈی ایل ایس) میتھڈ کے تحت پاکستان کو 41 اوور میں 342 رن کا ہدف ملا۔

پہلی مرتبہ بارش رکنے سے قبل پاکستان نے 21.3 اوور میں ایک وکٹ پر 160 رن بنائے تھے، نیوزی لینڈ نے 21 اوور میں ایک وکٹ پر 133 رن بنائے تھے، پاکستان ڈک ورتھ لوئس میتھڈ پر  10 رن آگےتھا۔

خیال رہے کہ آج کا یہ اہم میچ بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو میں کھیلا جارہا ہے جہاں پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 11 رنز پر گری اور عبداللہ شفیق صرف  4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

ایک وکٹ کے بعد بابراعظم اور فخر زمان نے کریز سنبھالی اور فخر زمان نے کیویز بیٹر کی خوب درگت بنائی۔

فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 گیندوں پر 9 چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے کیرئیر کی 11 ویں سنچری بنائی جو ورلڈکپ میں ان کی پاکستان کی طرف سے تیز ترین سنچری ہے۔

نیوزی لینڈ کی اننگز:

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز بنائے، اوپنر رچن رویندر نے 108 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان کین ولیمسن 95 پر آؤٹ ہوئے جب کہ اوپنر ڈیوون کانوے 35، ڈیرل مچیل 29، مارک چیپمین 39، گلین فلپس 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

مچیل سینٹنر 26 اور ٹام لیتم 2 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے 3، حسن علی، افتخار احمد اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے پچھلے میچز میں اچھی بولنگ کی ہے، ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، اسپنر اسامہ میر کی جگہ فاسٹ بولر حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔

اس موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ اچھا ہدف دینے کی کوشش کریں گے، ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں۔

یہ میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہم ہے، دونوں کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے یہ میچ جیتنا لازمی ہے۔