|

وقتِ اشاعت :   November 5 – 2023

کوئٹہ: گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ احتیاط ہی زندگی ہے کانگو وائرس ایک جان لیوا وائرس ہے۔

سردست صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کانگو وائرس کی حساسیت کو سنجیدگی سے لینے فوری اقدامات اٹھانے اور حفظان صحت کے اصولوں کی پاسداری سے ہی اس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگو وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹروں،

نرسوں اور دیگر متعلقہ افراد کی حفاظت پر خصوصی توجہ مرکوز رکھنا اشد ضروری ہے۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ کانگو وائرس کی نئی قسم کے پھیلا کو روکنے کے حوالے سے تمام متعلقہ محکموں بالخصوص محکمہ صحت اور محکمہ لائیو اسٹاک کے فوری اور بروقت اقدامات سے اس کے مزید پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔

علاوہ ازیں کانگو وائرس سے خطرات کے پیش نظر شعور و آگہی کی ایک موثر عوامی مہم چلائی جائے، متاثرہ مریضوں کیلئے ایک مخصوص وارڈ قائم کیا جائے، مال مویشیوں کی خرید وفروخت کی جگہوں اور ڈیری فارمز میں جراثیم کش اسپرے کیا جائے تاکہ تمام لوگوں کو کانگو وائرس کے مضر اثرات سے حفاظت ممکن سکیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام حفاظتی تدابیر کی مکمل پاسداری کیلئے عوامی شعور و آگاہی کی مہم چلانے میں میڈیا پرسنز بھرپور کردار ادا کریں۔گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کانگو وائرس سے شہید ہونے والے ڈاکٹرز کی مغفرت اور کانگو وائرس سے متاثرہ مریضوں کی جلد صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کی۔