|

وقتِ اشاعت :   November 17 – 2023

سابق وزیر خارجہ اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب انتقال کرگئے۔

گوہر ایوب سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب کے والد اور سابق فیلڈ مارشل صدر ایوب خان کے صاحبزادے تھے۔

گوہر ایوب کی نمازِ جنازہ کل دوپہر ہری پور میں ان کے آبائی گاؤں ریحانہ میں ادا کی جائےگی۔

تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مطابق گوہر ایوب کچھ عرصے سے علیل اور اسلام آباد کے نجی اسپتال میں زیرِعلاج تھے، ملک و قوم کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے گوہر ایوب کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں نگراں وزیرِ اعظم نے مرحوم کیلئے بلندی درجات اور اہلِ خانہ کیلیے صبر جمیل کی دعا کی۔

انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ گوہر ایوب کو پاکستان کی سیاست میں ایک منفرد مقام حاصل تھا، دکھ کی اس گھڑی میں ہماری تمام تر ہمدردیاں گوہر ایوب کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گوہر ایوب خان کے انتقال پر لواحقین سے اظہار تعزیت اور گہرے دُکھ کا اظہار کیا ہے۔

 

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سابق وزیر خارجہ گوہر ایوب کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ گوہر ایوب ایک زیرک سیاستدان تھے، ان کی سیاسی و سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔