|

وقتِ اشاعت :   November 19 – 2023

تربت: سابق صوبائی وزیر لالا رشید دشتی نے کہا ہے کہ آنے والے الیکشن میں عوامی قوت کے ساتھ مخالفین کو ایسی شکست دیں گے

کہ آئندہ الیکشن کے بارے میں سوچنا چھوڑ دیں گے، اپنے حلقہ انتخاب میں لاتعداد ترقیاتی منصوبوں پر عمل کیا

جو پچھلے 7 سالوں میں کسی نے ہاتھ تک نہیں لگائے تھے، عوام کو اچھی طرح معلوم ہے کون عوام کا دوست ہے اور کس نے اقتدار کے نام پر عوام کے ارمانوں کا سودا کیا، اپنی رہائش گاہ سنگئی ہاؤس تربت میں عوامی وفود اور میڈیا کی ٹیم سے بات چیت کرتے ہوئے لالا رشید دشتی نے کہاکہ میں نے پانچ سالوں میں بطور عوامی نمائندہ گزشتہ 75 سالوں کی جنگ لڑی ہے،

حلقہ انتخاب انتہائی پسماندہ تھا پہلی بار علاقے میں سڑکوں کا ایک وسیع نیٹ ورک تیار کیا اب ہر گاؤں اور دیہات تک پختہ سڑکیں موجود ہیں اس کے علاوہ صحت اور ایجوکیشن کی بہتری کے لیے بھی بھرپور توجہ دی،

میں یہ دعوی نہیں کرتا کہ علاقہ کو ہر سہولت مہیا کی ہے لیکن مخالفین یہ الزام بھی نہیں لگاسکتے کہ میں نے ان کی طرح اقتدار کو زاتی مفاد کے لیے استعمال کیا۔ انہوں نے کہاکہ صرف پانچ سالوں سے کم عرصہ میں مند سے لے کر دشت، بل نگور اقر گوگدان تک عوام کو محدود وسائل کے ساتھ ہر سہولت مہیا کرنا ممکن ہی نہیں تھا لیکن میں نے جو کچھ بھی کیا پورے بلوچستان میں اتنے کم عرصے میں اتنے وسیع عوامی منصوبوں کی مثال نہیں ملتی

اگر کسی نے مجھ سے زیادہ عوامی کام کیے ہیں تو میرا مخالفین کو چیلنج ہے کہ وہ مجھے دکھائیں، انہوں نے کہاکہ آنے والے عام انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن لڑ کر عوام کی طاقت سے مخالفین کو عبرت ناک انجام سے دوچار کروں گا جس کی انہوں نے خوب بھی نہیں دیکھا ہوگا کیوں کہ مجھے اپنے عوام پر پورا بھروسہ ہے۔