|

وقتِ اشاعت :   November 24 – 2023

کوئٹہ: چیئرپرسن ایواجی الائنس ثناء درانی، وومن لیڈالائنس کی کوارڈی نیٹر زہرہ نے کہا ہے کہ ایواجی الائنس اور وومن لیڈالائنس کے زیراہتمام 25نومبر سے 10دسمبر تک خواتین اور مظلوم طبقات پر تشدد کے خلاف مختلف تقریبات کا انعقاد کیاجائے

حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانون سازی کے ساتھ ساتھ ان پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو سلیم شاہد، میربہرام،گل حسن،بہرام بلوچ، منظوراحمد،ظفربلوچ اوردیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ایواجی الائنس اور وومن لیڈالائنس میں شامل تنظیمیں اور نیٹ ورک بلوچستان میں خواتین اورمظلوم طبقات پر تشدد کے خلاف مختلف تقاریب کا انعقاد کر رہے ہیں اس سلسلے میں 25نومبر سے 10دسمبرتک بلوچستان بھر میں مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں میڈیاکا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں

میڈیا نے ہمیشہ سول سوسائٹی کے تمام پالیسی لیول کے پروگراموں کو مناسب کوریج دی ہے 25نومبر سے شروع ہونے والے 16روزہ پروگراموں کو بھی مناسب کوریج دیگا۔ انہوں نے کہا حکومت خواتین اورمظلوم طبقات پرتشدد کے خاتمے اور انکے حقوق کے تحفظ کیلئے موثر قانون سازی کے ساتھ ساتھ ان پر عملدرآمدکو بھی یقینی بنائے۔