|

وقتِ اشاعت :   November 24 – 2023

کوئٹہ: کوئٹہ میں تندور مالکان کی من مانی کے خلاف آزادی کی خبر پرضلعی انتظامیہ نے نوٹس لیتے ہوئے تندورمالکان کے خلاف کارروائی شروع کردی

متعددتندورسیل کردیئے اوردکانداروں کوگرفتارکرلیا، ڈبل روٹی کی فروخت پر پابندی عائد کردی،

گزشتہ روز روزنامہ آزادی نے تندور مالکان کی من مانی کی نشاندہی کی تھی جس کے بعد ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹننٹ(ر) سعد بن اسد نے مقررہ وزن اور ریٹ کے بر خلاف روٹی فروخت کرنے کی شکایت پر نوٹس لے لیا،

ڈی سی کوئٹہ نے پورے کوئٹہ میں ڈبل روٹی کی فروخت پر پابندی عائد کردی اورصرف سنگل روٹی جس کی قیمت بھی 25 روپے فروخت کرنے کی ہدایت کردی ہے خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ضلعی افسران کو کوئٹہ شہر میں تندورں کے خلاف کاروائی تیز کرنے کی ہدایت کی اس دوران کاروائی کرتے ہوئے مختلف تندوروں پر چھاپے مارے گئے

اور ڈبل روٹی فروخت کرنے پر متعدد دکان سیل کردی گئیں اور دکانداروں کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ(ر) سعد بن اسد کاکہناہے کہ آج سے پورے کوئٹہ میں ڈبل روٹی بند ہوگی صرف اور صرف سنگل روٹی فروخت کی جائیگی، ڈبل روٹی فروخت والوں کے خلاف عوام ڈی سی آفس میں شکایت کرائیں ضلعی انتظامیہ بھرپور کاروائی کریگی۔

انہوں نے کہاکہ سرکاری پرائس لسٹ میں انتظامیہ نے صرف 25روپے والی روٹی کا نوٹیفکیشن کیا ہے جبکہ تندور ایسوسی ایشن سے مذاکرات میں بھی صرف 25روپے والی روٹی کا معاہدہ ہوا لیکن تندور ایسوسی ایشن کی جانب سے معاہدے کے برخلاف ڈبل روٹی کی فروخت غیر قانونی ہے۔لہٰذا ضلعی انتظامیہ کسی کو عوام کو لوٹنے اور پرائس لسٹ کے برخلاف فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

دوسری جانب شہریوں کی جانب سے روزنامہ آزادی کی خبر پر نوٹس کو سراہتے ہوئے کہنا ہے کہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے پر روزنامہ آزادی کے مشکور ہیں اب ہمیں کم ازکم روٹی کے حوالے سے ریلیف فراہم کیا گیا۔