|

وقتِ اشاعت :   December 6 – 2023

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کے زیر صدارت صوبے میں اسمگلنگ کی روک تھام، معیاری تعلیم اور صحت کی شعبوں میں بہترین سہولیات کی فراہمی، پرائس کنٹرول کمیٹی، کوئٹہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے حوالے سے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں مختلف متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سینئیر ممبر بورڈ آف ریونیو حافظ محمد طاہر، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ ذاہد سلیم، سیکرٹری عمران زرکون، سیکرٹری صحت عبداللہ خان، سیکرٹری، تعلیم صالح محمد ناصر، کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ جبکہ دیگر ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ

تمام ڈپٹی کمشنرز الیکشن کمیشن کی جانب سے دیئے گئے ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں پولنگ اسٹیشنز کی مرمت کا کام جلدمکمل کریں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ معاشرے کی بہتری کیلئے صحت کی سہولیات کی فراہمی اور معیاری تعلیم ضروری ہے۔ صوبائی حکومت دونوں شعبوں میں بہتری کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز متعلقہ اضلاع میں ہسپتالوں، بنیادی مرکز صحت اور تعلیمی اداروں کا دورہ کریں اور غیر حاضر عملے کی حاضری کو یقینی بنائیں اور ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر اجلاس کو تمام ڈویژنل کمشنرز نے اپنے اپنے ڈویژن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی

اور اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے ایک مہینے کے دوران تمام اضلاع میں 1200 سے زیادہ دورے کئے ہیں اور ان دوروں میں ہسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی، معیاری تعلیم اور دوسرے مفاد عامہ کے منصوبوں کے سلسلے میں کئے ہیں۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ اب تک 1 لاکھ 38 ہزار سے زیادہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد نے ملک چھوڑا ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری تعلیم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ابھی تک 93 غیر فعال سکولوں کو فعال کیا ہے۔ 1943 غیر حاضر عملے کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی ہے جس میں سے 279 اساتذہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔

89 اساتذہ کو معطل کئے ہیں اور 657 اساتذہ کو نوکری سے برخاست کرنے کی سفارش کی گئی ہیں جبکہ 1978 اساتذہ کی اٹیچمنٹ آرڈر ختم کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اس سلسلے میں پچھلے ایک ماہ سے بہتری آئی ہے اور اسے مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ اسمگلنگ کی روک تھام سے ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے۔ چیف سیکریٹری کی تمام ڈپٹی کمشنرز کو متعلقہ ڈیلرز کو این او سی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ

تمام ڈپٹی کمشنرز پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کیا جائے اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ

تمام ڈپٹی کمشنرز بی ایچ یوز، آر ایچ سیز، ہسپتالوں، سکولوں کے دورے کریں اور مریضوں کو ادویات کی فراہمی چیک کریں۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مقررہ وقت میں پراگریس رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔