|

وقتِ اشاعت :   December 14 – 2023

کوئٹہ:  کوئٹہ میں متعین ایرانی قونصل جنرل حسن درویش وند نے کہاہے کہ

پاک ایران دو طرفہ تجارتی حجم میں اضافہ کے لئے ضروری ہے کہ اس سلسلے میں درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جائے، صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کے لئے ویزہ کے اجراء میں کو ئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جا ئے گی بلکہ اس سلسلے میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تحفظات کو ختم کرنے کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے سینئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی کی سربراہی میں ملنے والی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل جب چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی، نائب صدر سید عبدالاحد آغا و دیگر ممبران پر مشتمل وفد ایرانی قونصلیٹ پہنچا تو قونصل جنرل ایران و دیگر نے انہیں خوش آمدید کہا۔

بعد ازاں ہونے والی ملاقات کے دوران چیمبر آف کامرس کے ممبران نے دو طرفہ تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے بارے میں قونصل جنرل کی توجہ مبذول کرائی بلکہ

انہوں نے ویزوں کے اجراء سے متعلق بھی تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ بزنس ویزہ کے اجراء کے لئے چیمبر آف کامرس کی سفارشات کو اولین ترجیح دی جائے کیونکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کی نمائندہ پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے صنعت و تجارت سے وابستہ افرا دکے لئے بزنس ویزے کی مدت کو ایک سال سے بڑھا کر دو سال کرنے کی بھی تجویز دی۔

اس موقع پر کوئٹہ میں متعین ایرانی قونصل جنرل حسن درویش وند کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارتی اہداف کے حصول کے لئے کوشاں ہے اس سلسلے میں درپیش مشکلات و چیلنجز کے خاتمے کے لئے ہم اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کے لئے بزنس ویزہ کے اجراء کو سہل کیا جارہا ہے

بلکہ چیمبر آف کامرس کے عہدیداران اور ممبران کی جانب سے بزنس ویزے کی مدت کو ایک سال سے دو سال تک بڑھانے کی تجویز کو بھی متعلقہ حکام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ایران میں ایک لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے والوں کو 5سالہ اقامہ کی سہولت دی جائے گی بلکہ چیمبر آف کامرس کے عہدیداران و ممبران کی ویزے کے اجراء و دیگر سے متعلق تحفظات اور خدشات کو بھی دور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کا دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ اور بارٹر ٹریڈ سے متعلق کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے جسے ہم سراہتے ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ چیمبر آف کامرس کے عہدیداران تجارتی مسائل سے متعلق وقتا فوقتا ہم سے رابطہ کرتے ہیں ہماری بھی یہی کوشش ہے کہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات پر کوئی قدغن نہ آئے۔