|

وقتِ اشاعت :   December 16 – 2023

کوہلو: بلوچ یکجہتی کمیٹی کا لاپتہ بلوچ افراد کے اہلخانہ کے ہمراہ تربت سے نکلنے والا لانگ مارچ کوہلو پہنچ گیا

صوبائی دارالحکومت کویٹہ میں چار دن دھرنا دینے کے بعد لانگ مارچ گزشتہ رات گئے کوہلو پہنچ گئے

جہاں آج شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور ریلی کی کال دی گئی تھی۔ گزشتہ رات لانگ مارچ کا کوہلو کے نوجوان اور سیاسی رہنماؤں نے درجنوں گاڑیوں پر مشتمل سینکڑوں افراد کے ہمراہ دکی کے علاقے نانا صاحب زیارت میں استقبال کیا جہاں لانگ مارچ کو قافلے کی صورت میں کوہلو شہر لایا گیا۔ آج صبح شہر میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے کال پر شٹر ڈاؤن کی گئی۔

میر ہزار وڈھ کے مقام پر بلوچ یکجہتی کمیٹی اور لاپتہ بلوچ افراد کے اہلخانہ کو ہزاروں افراد کے قافلے میں ریلی کی صورت شہید جسٹس نواز مری چوک لایا گیا جہاں ریلی جلسے کی شکل اختیار کرگئی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ ، واجہ گلزار بلوچ و دیگر لاپتہ افراد کے اہلخانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے پیارے جو سالوں سال لاپتہ کئے گئے

ان کو فوری بازیاب کیا جائے ، بلوچ نوجوان کو ماورائے عدالت گرفتار کر کے لاپتہ کرنے کا سلسلہ فوری بند کیا جائے انہوں نے کہا کہ تربت میں سی ٹی ڈی نے جعلی مقابلے میں بالاچ بلوچ کو شہید کیا ہے

جو کہ ماورائے عدالت قتل ہے انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کو فوری بازیاب کرایا جائے اگر کسی پر کوئی الزام ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے۔ لانگ مارچ کے شرکاء آج رات کوہلو میں قیام کریں گے جہاں کل صبح براستہ بارکھان اسلام آباد کے لئے روانہ ہونگے۔