ملک میں عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہونگے۔
لاہور ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنرز کے بطور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران( ڈی آر اوز)، ریٹرننگ افسران ( آر اوز) اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران ( اے آر اوز) کی تعیناتی کے الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کردیا تھا جس کے بعد ایک نئی بحث چھڑ گئی تھی کہ
عام انتخابات 8 فروری کو ہونا مشکل ہیں مگر یہ ابہام بھی ختم ہوگیا، الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول جاری کردیا،
ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو منعقد ہوں گے، الیکشن کمیشن اعلامیہ کے مطابق کاغذات نامزدگی 19دسمبر سے حاصل کیے جاسکیں گے، 20 سے 22 دسمبر تک امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے،
امیدواروں کے ناموں کی فہرست 23 دسمبر کو جاری کی جائے گی،کاغذات نامزدگی کا اجراء 19 دسمبر کو ہوگا،امیدواروں کی اسکروٹنی 24سے30دسمبر تک کی جائے گی، کاغذات نامزدگی منظور، مسترد ہونے پر 3جنوری تک اپیل دائر کی جاسکے گی،
کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ12جنوری2024ہے، امیدواروں کو انتخابی نشان13جنوری2024کو جاری کیے جائیں گے،
10جنوری 2024کو اپیلوں پر اپیلٹ اتھارٹی کے فیصلوں کا آخری روز ہوگا،11جنوری کو امیدواروں کی نظرثانی فہرست جاری ہوگی۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا ڈپٹی کمشنرز کے بطور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران( ڈی آر اوز)، ریٹرننگ افسران ( آر اوز)
اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران ( اے آر اوز) کی تعیناتی کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد روک دیا اور الیکشن کمیشن کو انتخابی شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔
یہ ایک اچھا اقدام ہے کہ ملک میں عام انتخابات بروقت ہونے جارہے ہیں جس سے سیاسی استحکام کے ساتھ جمہوریت کا تسلسل جاری رہے گا، اب ملک میں سیاسی ماحول میں گہما گہمی بڑھے گی،
تمام سیاسی جماعتیں انتخابات پر اپنی توجہ مرکوز کریں گی۔ امید ہے کہ عام انتخابات خوش اسلوبی سے ہوں گے جس کے بعد ایک نئی حکومت آئے گی جس کی ترجیح سیاسی و معاشی استحکام ہوگی تاکہ ملک سے بحرانات کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔