|

وقتِ اشاعت :   December 17 – 2023

کوئٹہ: لنک بادینی روڑ توسیع منصوبے کا افتتاح ، منصوبے انتہائی سست روی کا شکار تھے،مردان ڈومکی

کوئٹہ:نگراں وزیر اعلٰیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کوئٹہ میں سریاب لنک بادینی روڑ توسیع منصوبے کا افتتاح کردیا ۔ افتتاحی منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوءے وزیراعلیٰ بلوچستاں علی مردان نے کہا کہ نگراں صوبائی حکومت نے سات سال سے زیر التواء کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کا منصوبہ چار ماہ میں مکمل کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے منصوبے انتہائی سست روی کا شکار تھے ، منصوبوں کے لئے فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی گئی، مکمل انتظامی معاونت فراہم کرتے ہوئے حائل رکاوٹوں کو دور کیا گیا، منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گئے ، 

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان ڈومکی نے  سبزل روڈ تا لنک روڈ سمنگلی کراس براستہ شابو تا ائیرپورٹ روڈ کوئٹہ کا  بھی سنگ بنیاد بھی رکھ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لنک بادینی روڈ کا زیر التواء منصوبہ نگراں حکومت میں مکمل کیا گیا ہے ، ہماری کوشش اجتماعی نوعیت کے عوامی منصوبوں کی تکمیل ہے اور نگراں حکومت کی ترجیحات میں عوام کی فلاح و بہبود سہر فہرست ہے ،

مواصلاتی منصوبوں کی تکمیل سے کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے بہاؤ میں نمایاں بہتری آئے گی ، عوام کو بھی پر ہجوم سڑکوں کی بجائے متبادل سڑکوں کی سہولت دستیاب ہوگی ۔وزیراعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا  کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے دیگر منصوبوں کو بھی جلد مکمل کیا جائے گا اور قلیل عرصے میں سریاب روڈ، سبزل روڈ اور انسکمب روڈ کو بھی مکمل کریں گے اور نگراں صوبائی حکومت عوامی نوعیت کے ہر اہم اقدام کو بھر پور معاونت فراہم کرتی رہے گی۔