کوئٹہ: کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ زیارت سمیت پہاڑی علاقوں میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ،
ساتھ ہی بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے بھی شہر یوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق پیر کو بلوچستان میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کے بعدکوئٹہ،چمن،قلعہ عبداللہ،نوشکی،قلات،چاغی، مستونگ،تربت گوادر،کیچ،اور پنجگورمیں بارش اور وادی زیارت،
کان مہترزئی،توبہ کاکڑی، کوژک ٹاپ،کنچوغی اور کوئٹہ کے پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جا ری رہاجس کے بعد لوگ گھروں تک محدود ہوگئے، زیارت شہر میں 4 انچ جبکہ پہاڑوں پر 6 انچ کے قریب برف پڑ چکی ہے برفباری کے باعث زیارت شہر اور پہاڑوں نے دلکش مناظر پیش کرنا شروع کردیا،
برفباری کی وجہ سے سردی کی شدت میں بھی کافی حد تک اضافہ ہوگیاہے۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مطابق این 50قومی شاہراہ کان مہترزئی، مسلم باغ سیکشن پر برفباری ہٹانے کا کام شروع کردیا جبکہ این 50 بلوچستان کوئٹہ کو پنجاب و خیبر پختونخوا سے ملانے والی اہم قومی شاہراہ ہے اور اس پر ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے۔قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، موسیٰ خیل، پشین، ژوب، بارکھان، سبی، بولان، لورالائی، نوشکی، قلات، جنگل پیر علیزئی، گلستان، مسلم باغ،
سرانان، بوستان، توبہ اچکزئی، چاغی میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی ہے۔مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے ساتھ پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پسنی، کوئٹہ اور سبی میں 10 ملی میٹر بارش جبکہ اور خضدار 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ صوبے بھر میں گیس پریشر کی کمی کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار رہے جبکہ بجلی کی بندش نے مسائل کو دوگنا کردیا
۔کیسکو کے مطابق کوئٹہ میں بارش کے نتیجے میں 20 سے زائد فیڈرز کو بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی تھی ان علاقوں کی بجلی کو بحال کردیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج منگل کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا تاہم مکران کے ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
؎