ژوب:ـ چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک روزہ دورے پر ژوب ڈویژن پہنچے۔
کمشنر ژوب ڈویژن طارق الرحمٰن و ڈپٹی کمشنرز نے ان کا استقبال کیا۔ چیف سیکرٹری کے ہمراہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم، آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ، سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی سید فیصل احمد، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نور احمد پرکانی تھے۔ چیف سیکرٹری نے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے اور اس بات کا اعادہ کیا گیا
کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے تمام حکومتی مشینری کو متحرک کر دیا گیا ہے اور ڈویژنز کو منعقد ہونے والے انتخابات کے پرامن، شفاف اور موثر استعمال کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز میں بہترین سیکیورٹی کی فراہمی، پانی، بجلی اور واش رومز کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ قبائلی عمائدین کو بھی اعتماد میں لیں تاکہ پر امن انتخابات کو انعقاد ممکن ہو۔ اس موقع پر متعلقہ حکام نے اجلاس کو انتخابات کی تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی
جس میں عملے کی دستیابی اور تعیناتی، بنیادی سہولیات کی دستیابی، آئی ٹی سٹاف اور آلات کی دستیابی اور تعیناتی، معذور افراد کی سہولت کے لیے پولنگ سٹیشنوں پر سہولیات کی فراہمی وغیرہ شامل تھیں۔ حساس اور حساس ترین پولنگ سٹیشنز، سکیورٹی کے انتظامات،
سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، پولنگ عملے اور آلات کے لیے ٹرانسپورٹ کے انتظامات، سکیورٹی پلان شامل تھے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ژوب ڈویژن (ژوب، شیرانی، قلعہ سیف اللہ) میں جنرل انتخابات 2024 میں قومی اسمبلی کے 01 سیٹ اور صوبائی اسمبلی کی 03 جنرل نشستوں کے لیے انتخابات ہوں گے
جس کے لیے ڈویژن کے تینوں اضلاع میں 3 لاکھ 78 ہزار سے زائد ووٹرز ہیں اور 300 سے زائد پولنگ اسٹیشنز بنائے جائیں گے جن میں سے مردوں اور خواتین ووٹرز کے لیے ہوں گے۔