کوئٹہ: بلوچستان میں حکومت سازی ،پاکستان مسلم لیگ(ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی میں ڈھائی ڈھائی سال کامعاہدہ طے پاگیا، مسلم لیگ(ن) کے ارکان اسمبلی نے معاملے پر اعتماد میں نہ لینے پر سخت ناراضگی کااظہار کردیا۔
باوثوق ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ایوان بالا میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائدین اسحاق ڈار اور سردارایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس ہوا اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے صدر شیخ جعفرمندوخیل نومنتخب رکن اسمبلی حاجی ولی محمدنورزئی ،جام کمال خان ،کیپٹن(ر)عبدالخالق اچکزئی ،میرعاصم کردگیلو،زرک خان مندوخیل ،سلیم کھوسہ ،سردارعبدالرحمن کھیتران ،حاجی محمدخان طوراتمانخیل ،محمد خان لہڑی ،رکن قومی اسمبلی میاں خان بگٹی نے شرکت کی ۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کاکہناتھاکہ بلوچستان میں ڈھائی ڈھائی سال کی حکومت کامعاہدہ طے پا گیا جس پر نومنتخب اراکین بلوچستان اسمبلی نے سخت ناراضگی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ نومنتخب اراکین سے ان کے بغیر اس طرح کے فیصلے نہیں کرنے چاہیے ارکان نے کہاکہ ہمارا بلوچستان میں نمبرگیم پورا ہے جس پراسحاق ڈار نے کہاکہ مرکزی قائدین کے فیصلے کے درمیان معاہدے ہوئے ہیں
معاہدے کے مطابق صدر آصف علی زرداری اوروزیراعظم شہبازشریف ہونگے بلوچستان میں حکومت ڈھائی ڈھائی سال ہوگی اسحاق ڈار نے کہاکہ بلوچستان میں حکومت سازی کے حوالے سے وزارتوں کی تقسیم پر دو دن بعد اجلاس ہوگا اس حوالے سے پارٹی ارکان اپنااجلاس منعقد کرے اور معاملات طے کرے اور مزید معاملات آئندہ اجلاس طے کئے جائیںگے۔